اسلام آباد:قومی احتساب بیورو کی 24 ویں ”ڈی جیز کانفرنس“ نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں تین روز جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہو گئی جس کی صدارت چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد نے کی۔ کانفرنس میں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر، پراسیکوٹر جنرل احتساب سید احتشام قادرشاہ، نیب ریجنل بیوروزاور مختلف ڈویژن کے سربراہان اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ نیب کی کاوشوں سے گزشتہ 6 ماہ کے دوران نیب نے بلواسطہ یا بلا واسطہ 4 کھرب روپے سے زائد رقوم برآمد کیں جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔تین روزہ کانفرنس میں نیب ہیڈ کوارٹر وعلاقائی دفاتر کے ڈائریکٹر جنرلز، مشیران اور مختلف شعبوں کے سربراہان نے اپنے شعبوں کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ کانفرنس میں کارکردگی کے حوالے سے دی گئی بریفنگ اور پیش کئے گئے اعدادو شمار کی روشنی میں نیب کی کارکردگی کا معیار مزید بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ کانفرنس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مالیاتی سکینڈلز کے متاثرین کو جلد سے جلد ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
کانفرنس میں نیب کے علاقائی دفاتر کے سربراہان نے اپنی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی جس میں بتایاگیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کراچی اور سکھر ریجن نے 1.8 ملین ایکٹر رقبے پر جنگلات کی اراضی بلواسطہ بازیاب کرکے 2.5 کھرب روپے کی بچت کی اور محکمہ جنگلات کی اراضی پر ناجائز قبضہ واگزار کرنے کے بعد وزیر اعلی سندھ کو اس کی با ضابطہ رپورٹ پیش کی اور اس سلسلے میں صوبائی حکومت سندھ کے غیر مثالی تعاون کی پزیرائی کی گئی۔ اس کے علاوہ نیب کراچی نے 1189 ملین روپے تصفیہ کے زریعے برآمدکئے۔اسی طرح قومی احتساب بیورو سکھر نے بلواسط برآمدگی کے طور پر 1,103.5128 ارب روپے کی 631,352.26 ایکٹر جنگلات کی زمین بازیاب کی۔
نیب خیبر پختونخواہ نے 194,937 ملین روپے کی بلواسطہ و صولیاں کی ہیں۔ نیب لاہور نے بتایا کہ 2023-24 ء میں عوام کو دھوکہ دہی کے مقدمات میں 23786.158 ملین روپے برآمد کرکے 31,038 متاثرین کو واپس کئے۔ اسی طرح نیب راولپنڈی بھی عوام کو دھوکہ دہی کے بڑے مقدمات میں رقوم بازیاب کرکے متاثرین کو واپس دلانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے جبکہ نیب ملتان اور کوئٹہ بھی خاطرخواہ وصولیاں کرکے ملک اور قوم کی خدمت میں کوشاں ہیں۔اجلاس کو بتا یا گیا کہ اس وقت 724 تحقیقات اور 217 تفتیش کے مقدمات پر کام جاری ہے اور زیر سماعت ریفرنسز کی تعداد 821 ہے۔ جبکہ جنوری 2024 سے ابتک 16429 شکایتوں کو نمٹا یا گیا۔
کانفرنس میں مختلف مقدمات کے تحت منجمند اور قبضے میں لی گئی جائیدادوں کی نیلامی کو بھی زیر بحث لایا گیااور اس بات کا فیصلہ کیا گیاکہ بہترین حکمتِ عملی کو بروئے کار لاکر منجمند کی گئی اور قبضے میں لی گئی جائیدادوں کی نیلامی کرکے دھوکہ دہی سے متاثرین کی لوٹی گئی رقوم واپس دلائی جائیں تاکہ انہیں بلا تاخیر ریلیف مل سکے اور مختلف اداروں کی قبضے میں لی گئی جائدادیں قانونی کاروائی کے بعد واپس کی جائیں۔ کانفرنس میں زیر التوا پرانے مقدمات کے فیصلوں میں تاخیر اور غیر فعال احتساب عدالتوں کا بھی جائزہ لیتے ہوئے زور دیا گیا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس میں زیر التوا مقدمات کے حل کیلئے بہتر انداز میں کوششیں کی جائیں اور غیر فعال عدالتوں کا معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھا کرانہیں فعال کیا جائے۔ کانفرنس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ملکی سرمایہ کو بیرون ممالک منتقل کرنے والے اور سرمایہ میں ہیر پھیر کرکے جائیدادیں بنانے والے عناصر کیخلاف”اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ“ کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔
اجلاس میں (اے اینڈ پی) ڈیثرن کی کاوشوں کا جائزہ بھی لیا گیا اور اس امر پر زور دیا گیا کہ کرپشن کے خلاف آگاہی کیلئے پہلے سے موجود (Character Building Socities) کو مزید بہتر اور فعال کیا جائے اور نوجوانوں اور مستقبل کے معماروں میں بدعنوانی کے خلاف تعمیری جذبہ پیدا کیا جائے تاکہ ہر شخص بدعنوانی کے خلاف کھڑاہو۔ کانفرنس میں ٹریننگ اینڈ ریسرچ ڈویثرن کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اور نیب افسران کے ساتھ ساتھ مقامی اور بین الااقوامی اداروں کے تفتیشی افسران کو معیاری تربیتی کورسز فراہم کرنے میں ٹی اینڈ آر ڈیثرن اور پاکا (PACA) کی کارکردگی کو سراہا گیا۔اجلاس میں مختلف پالیسی فیصلوں پر بھی غور و فکر کیا گیا اور نیب کی تنظیم نو اور افسران کے تبادلوں اوران کو مراعات دینے کا جائزہ لیا گیا اور ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے متعدد فیصلے کئے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس ایک سال کے عرصے میں نیب کے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس نے نیب مقدمات میں ملوث 50 اشتہاری اور 78 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیاہے اور 12 ایسے ملزمان کو قانون کی گرفت میں لایا گیا ہے جنھوں نے خود کو نیب کا اعلی حکام ظاہر کرکے لوگوں سے دھوکہ دہی اور فراڈ کیا۔
چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر نذیر احمد نے نیب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو ان کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی کی صورت میں انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ نیب نے ابتک ٹوٹل6.1 کھرب روپے کی بلاوسطہ اور بلواسطہ وصولیاں کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیب کی نئی اصلاحات اور اراکین پارلیمنٹ، اراکین صوبائی اسمبلی، کاروباری شخصیات اور سرکاری افسران کے لئے احتساب سہولت مراکز (Accountibility Facilitation Centers) کے قیام سے نیب کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے اور ان اقدامات سے نیب پر عوام کااعتماد بھی بڑھا ہے کیونکہ نیب کا مقصد کسی کو بلا مقصد ہراساں کرنا اور کسی کی شہرت کو نقصان پہنچانا نہیں ہے بلکہ منصفانہ بنیادوں پر قانون اور انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے حقدار کو اس کا حق دلانا اور ملزم کے خلاف قانونی کاروائی یقینی بنانا ہے۔چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب کا ادارہ قومی مقاصد کو مدنظر رکھتے ہوئے مقدمات کی پیروی میں اس امر کو یقینی بنائے کہ ملک میں سرمایہ کاری، معاشی و اقتصادی ترقی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ نیب افسران کی انتھک کوششوں سے بدعنوانی کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کا درجہ بہتر ہوا ہے جو کہ انتہائی خوش آئندہے اور مزید بھرپور کوشش کی جائے گی کہ آئندہ برسوں میں اس درجہ بندی میں بہتری لانے کا تسلسل جاری رہے۔چیئرمین نیب نے کہا کہ بین الا اقوامی سطح پر پاکستان میں بدعنوانی کے خلاف کاوشوں کو بہتر اجاگر کیا جائے اور غیر قانونی طور سرمایہ کی بیرون ممالک منتقلی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات کی موئثر تحقیقات کی جاسکے۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ نیب بہتر حکمت عملی، پیشہ وارانہ مہارت اور شفافیت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نیب کی کارکردگی کو عہد حاضر کے تقاضوں اور عوامی توقعات سے ہم آہنگ کررہا ہے تاکہ بہترسے بہتر نتائج حاصل ہو سکیں۔چیئرمین نیب نے اپنے اختتامی کلمات میں اس بات کا اعادہ کیا کہ نیب کے وہ افسران جنہوں نے دن رات اپنے فرائض منصبی سرانجام دے کر قابل زکر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ان کیلئے وفاقی حکومت کو سول ایوارڈ کیلئے سفارشات بھیجی جائیں گی۔
قبل ازیں ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے بتایا کہ ڈی جیز کانفرنس کے انعقاد کا مقصد مجموعی طور پر نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیکر ماہرین اور افسران کی تجاویز کی روشنی میں مستقبل کیلئے ایسا لائحمہ عمل مرتب کرنا ہے جس سے کارکردگی کا معیار بہتر سے بہتر بنایا جاسکے۔ کانفرنس کے دوران ڈائریکٹر جنرلز اور دیگر شرکا نے نیب اصلاحات پر موئثر عمل درآمد کیلئے اپنی تجاویز پیش کیں۔
نیب کی 6 میں 4 کھرب روپے سے زائدکی ریکارڈ وصولی







