راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس میڈیا سے گفگتو کے دوران پاکستانی رپورٹر کا انگریزی میں سوال سُن کر چکرا گئے۔
پاکستان کیساتھ ٹیسٹ سیریز کھیلنے کیلئے انگلینڈ کرکٹ ٹیم ان دنوں پاکستان میں موجود ہے، 3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں دونوں ٹیمیں ایک، ایک میچ جیت چکی ہیں جبکہ تیسرا میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں جاری ہے۔
تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے آغاز سے قبل انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کی میڈیا سے گفتگو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ایک پاکستانی رپورٹر کا انگریزی میں سوال سُن کر بری طرح چکرا گئے۔
دراصل بین اسٹوکس سے مذکورہ رپورٹر یہ سوال کرنا چاہ رہا تھا کہ کیا انگلینڈ کرکٹ ٹیم راولپنڈی میں سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پہلے ٹیسٹ میچ جیسی پرفارمنس دہرا سکے گی؟
تاہم گلابی انگریزی میں کیا گیا یہ سوال بین اسٹوکس کو کچھ سمجھ نہ آیا، بار بار کوشش کے بعد بالآخر جب رپورٹر نے تیسری بار یہی سوال دہرایا تو آخر کار بین اسٹوکس کو صحافی کا سوال سمجھ آگیا۔
بین اسٹوکس نے سوال کا مختصر جواب دینے پر اکتفا کیا اور کہا کہ ‘اگر ایسا ہوا تو یہ بہت اچھا ہوگا’۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ گزشتہ روز جمعرات کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوا، فیصلہ کن ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 267 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان: صائم ایوب، عبداللہ شفیق، شان مسعود (کپتان)، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، عامر جمال، ساجد خان، نعمان علی، زاہد محمود
انگلینڈ: زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، گس اٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ، شعیب بشیر