کراچی(شوبز ڈیسک)فہد مصطفیٰ کے 10 سال بعد ڈراموں میں واپسی کی وجہ بننے والا ڈراما ’کبھی میں کبھی تم’ انکا ایک کامیاب کم بیک ثابت ہوا اور ان کی مقبولیت میں پہلے سے بھی زیادہ اضافہ کروانے کا بھی سبب بن چکا ہے۔
ڈرامے میں فہد مصطفیٰ کے کردار ‘مصطفیٰ’ کے علاوہ ہانیہ عامر کے کردار ‘شرجینا’ اور نعیمہ بٹ اور عماد عرفانی کو بطور رُباب اور عدیل بھی بے انتہا محبت مل رہی ہے۔
ڈرامے کی ہر ایک قسط ناظرین بے حد شوق سے دیکھ رہے ہیں اور ہر سین میں دکھائی گئی چھوٹی سے چھوٹی بات پر سوشل میڈیا پر طویل تبصرے ہوتے نظر آرہے ہیں۔
ڈرامے کی کہانی عشقِ مجازی کے 7 مراحل کو فالو کر رہی ہے جس میں دلکشی، انسیت، محبت، عقیدت، عبادت، جنون تک کے مراحل مکمل ہوچکے ہیں اور آخری مراحل جس کو دیکھنے سے ناظرین ڈر رہے تھے آپہنچا ہے جو ‘موت’ یا ‘جدائی’ ہے۔
ڈرامے میں شرجینا اور مصطفیٰ جو ایک ساتھ جینے مرنے کے وعدے کرتے دکھے تھے اب دونوں کی ترجیحات مختلف ہوچکی ہیں اور یہی ڈرامے میں غم کی فضا عام کر گیا ہے۔
مصطفیٰ جو زندگی میں شرجینا کو ہر آسائش دینے کی چاہ میں صرف مال و دولت کمانے میں مصروف ہوچکا ہے لیکن شرجینا اپنی فیملی کو آگے بڑھتا دیکھنے کی خواہش میں جلد ماں بننے کی تیاری میں مصروف ہے اور مصطفیٰ سے بھی ایسی ہی سوچ رکھنے کی امید رکھ رہی ہے۔
شرجینا جلد ماں بننے والی ہے لیکن اسکی طبیعت بگڑ گئی اور 32ویں قسط کے پرومو میں اسے ہسپتال کے بستر پر لیٹے دکھایا گیا جبکہ مصطفیٰ ڈاکٹر سے التجا کرتا دکھا کہ ‘میری شرجینا کو بچالیں’۔
ڈرامے کا اختتام سے قبل سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ممکنہ طور پر اس ڈرامے کی آخری قسط کو سینما گھروں کی زینت بنایا جائے گا۔
یہ بھی دعویٰ کیا جارہا ہے کہ آخری قسط پانچ نومبر بروز منگل سنیما گھر میں اسکریننگ ہوگی جس میں شرجینا اور مصطفیٰ کی زندگی میں آنے والے نئے موڑ کا خلاصہ ہوگا کہ آیا دونوں ایک ساتھ ہی زندگی گزاریں گے یا شرجینا ہمیشہ کیلئے مصطفیٰ کو چھوڑ جائیگی۔









