اسلام آباد: سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب نامعلوم افراد نے قیدی وینوں پر حملہ کردیا، ملزمان متعدد قیدیوں کو چھڑوا کر فرار ہوگئے، جن میں دہشت گردی مقدمات میں ملوث پی ٹی آئی کے کارکن بھی شامل ہیں، آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے دعویٰ کیا ہے کہ تمام ملزموں کو دوبارہ گرفتار کرلیاگیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب قیدیوں کو لے جانے والی گاڑیوں پر حملہ کیا اور فائرنگ کی، جن قیدی وین پر حملہ کیا گیا، ان میں دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث پی ٹی آئی کے ملزمان موجود تھے۔
مبینہ طور پر جنہیں چھڑوانے کیلئے نامعلوم افراد نے حملہ کیا جسے ناکام بنادیا گیا جب کہ حملے میں پی ٹی آئی کے 3 ایم پی ایز سمیت متعدد قیدی فرار ہوگئے۔
نامعلوم افراد نے پولیس قیدی وینوں پر فائرنگ کی، شیشے بھی توڑے، اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، حملہ آوروں کی تعداد 20 سے 25 تھی جنہوں نے فائرنگ بھی کی۔
نجی ٹی وی کےمطابق وینوں میں اٹک جیل سے پیشی کے لیے لائے جانے والے قیدی سوار تھے، قیدی وینوں میں 150 سے زائد قیدی موجود تھے جنہیں محفوظ طریقے سے جائے وقوع سے منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا اور اس سلسلے میں واقعے سے متعلق عینی شاہدین سے بھی پوچھ گچھ شروع کردی، تاحال فرار ہونے والے حملہ آور میں سے کوئی بھی پولیس کے ہاتھ نہ آسکا۔
سنگجانی ٹول پلازہ پر قیدیوں کی 3 وینز میں ڈی چوک احتجاج کے 187 ملزمان کو عدالت پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا۔
دوسری جانب آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کا کہنا تھا کہ 3 قیدی وینز میں 82 ملزمان موجود تھے جنہیں پیشی کے بعد اٹک جیل منتقل کیا جارہا تھا، سنگجانی ٹول پلازہ کے پاس نامعلوم ملزمان قیدی وین پر حملہ آور ہوئے اور حملے کے بعد کچھ قیدی وین سے فرار ہوگئے۔
آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ حملے میں ملوث 4 ملزمان اور فرار ہونے والے تمام قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ، انہیں اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے اور پولیس نے قیدیوں کو فرار کروانے کی کوشش ناکام بنادی۔
ادھر پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص نے پولیس پر قیدیوں کو فرار کروانے کا الزام لگا دیا۔
شیخ وقاص نے کہا کہ قیدی وینز پر حملے کا واقعہ پولیس نے خود کرایا، ہمارے اسی سے زائد لوگوں کو آج سنگجانی تھانے کی ایف آئی آر میں عدالت پیش کیا گیا، واپسی پر گاڑیاں روک کر ہمارے کارکنان کو کہا گیا کہ یہاں سے فرار ہوجاؤ مگر ہمارے ورکرز اور ایم پی ایز وہاں کھڑے ہیں۔
اسلام آباد : قیدی وینز پر حملہ، پی ٹی آئی ایم پی ایز سمیت متعدد فرار، دوبارہ گرفتار







