اسلام آباد: وزیراطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑنے کہاہے کہ قیدی وینوں پر حملہ منصوبہ بندی کے تحت کیاگیا،قیدیوں کو فرارکرانے کی ناکام کوشش کی گئی۔
سنگ جانی میں قیدیوں کی گاڑی پر حملے کے حوالے سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہاکہ سنگ جانی ٹول پلازہ کے مقام پر تحریک انتشار کے کارکنان نے قیدیوں کی گاڑی پر حملہ کیا، گرفتار ملزمان کو فرار کرانے کی ناکام کوشش کی گئی، حملہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت حملہ کیا گیا، حملے میں شامل ملزمان کی گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حملے میں شامل خیبر پختونخوا سے پی ٹی آئی کے ایم پی اے لیاقت کے صاحبزادے کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، دو گاڑیاں، چار افراد اور اسلحہ قبضے میں لیا گیا ہے، انہوں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملزمان کو فرار کرانے کی کوشش کی، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ تشدد اور انتشار پی ٹی آئی کی تاریخ ہے، پی ٹی آئی نے ماضی میں 9 مئی کے حملے کئے، پی ٹی وی پر حملہ کیا، پارلیمنٹ کا گیٹ توڑا، پی ٹی آئی نے ہمیشہ تشدد کی سیاست کی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ملزمان کو جیل لے جانے والی قیدیوں کی وین پر چار گاڑیوں میں سوار پی ٹی آئی کارکنوں نے حملہ کیا،انہوں نے کہاکہ 82 قیدیوں کو فرار کرانے کی کوشش کی، 19 قیدی فرار ہوئے تھے جنہیں دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے، تمام قیدی پولیس کی تحویل میں ہیں، دو پولیس اہلکار اس حملے میں زخمی ہوئے، پولیس نے بہادری سے اس حملے کو ناکام بنایا ہے، ملزمان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا ۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ اس واقعہ پر ایک مثال قائم کی جائے گی، اس حملے کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، مقدمہ درج کر کے گرفتاریاں کی جائیں گی، تحریک انصاف کا ردعمل مضحکہ خیز ہے جو کسی فلم کا سکرپٹ لگتا ہے،انہوں نے کہاکہ ٹول پلازہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہے، پی ٹی آئی کا یہ منصوبہ ناکام ہو گیا ہے، ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے، حملے میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کا بھی تعاقب کیا جا رہا ہے، ان گاڑیوں میں سوار ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی، کسی سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، کیپیٹل ہل، لندن رائلز واقعات میں ملزمان کو سزائیں ہوئیں۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ 9 مئی کے ملزمان کو سزا مل گئی ہوتی تو ان کی ایسے حملے کرنے کی جرات نہ ہوتی، چار ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے، ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، 25 سے 30 افراد نے حملہ کیا، ان کو حراست میں لیا جائے گا، ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے گی، وفاقی وزیر اطلاعات مثال قائم کی جائے گی کہ آئندہ کوئی ملزم قیدیوں کی گاڑیوں کو روک کر ملزمان کو فرار کرانے کی نہ کوشش کرے۔
قیدیوں کو فرارکرانے کی ناکام کوشش کی گئی،عطاء اللہ تارڑ







