خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں خوارج نے مغرب کی نماز کے دوران مسجد پر حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں پاک فوج کے کیڈٹ عارف اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے، اس دوران انہوں نے کئی نمازیوں کی جانیں بھی بچائیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع لکی مروت میں 25 اکتوبر کو خوارج نے نماز مغرب کے دوران ایک مسجد پر حملہ کیا، پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں زیر تربیت اور اپنے آبائی شہر میں چھٹی پر آئے ہوئے کیڈٹ عارف اللہ بھی اسی مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے موجود تھے۔
خوارج نے جیسے ہی فائرنگ شروع کی تو 19 سالہ کیڈٹ عارف اللہ نے فوراً جواب دیا اور خوارج کا بہادری سے مقابلہ کیا تاہم اس دوران کیڈٹ عارف اللہ کئی بے گناہ نمازیوں کی جانیں بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگئے۔
ترجمان کے مطابق مسجد میں نماز کی حالت میں نمازیوں پر حملہ کرنے کا ایسا گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ان خوارج کے عزائم کی عکاسی کرتا ہے، ایک نوجوان کیڈٹ کا یہ عمل دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جذبہ قربانی اور لگن کا منہ بولتا ثبوت ہے اور یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
ادھر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے لکی مروت میں چھٹی پر آئے زیر تربیت پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹ عارف اللہ کو دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے شہید کے بلندیِ درجات اور اہلِ خانہ کیلئے صبر کی دعاکی۔انہوں نے کہاکہ کیڈٹ عارف اللہ شہید نے بزدل دشمنوں کے معصوم نمازیوں پر حملے کو ناکام بنا کر جرآت و بہادری کی مثال قائم کردی۔انہوں نے کہاکہ چھٹی پر آئے زیرِ تربیت کیڈٹ سے گوارہ نہ ہوا کہ معصوم شہری دھشتگردی کا نشانہ بنیں۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے اس جذبہ حب الوطنی اور مٹی سے عہدِ وفاء کی مثال پوری دنیا میں ڈھونڈنے سے نہیں ملتی ۔انہوں نے کہاکہ دہشتگر دوں کو بخوبی اندازہ ہو جانا چاہیئے کہ وہ کن آہنی اعصاب کے مالک جری جوانوں سے ٹکرانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔







