اسلام آباد(نیوز ڈیسک) یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات نے اہلِ کشمیر سے یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک خصوصی نغمہ جاری کیا ہے جس کا عنوان ہے “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے”۔ اس نغمے میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ گہرے تعلق اور حمایت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
نغمے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کی آواز اور بھارتی مظالم کے خلاف عزم کو واضح انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس نغمے کی عکسبندی میں کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرتے ہوئے ان کی قربانیوں، مشکلات، اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
نغمے کے ذریعے کشمیر کے عوام کی پاکستان کے ساتھ گہری وابستگی اور ان کی طرف سے “ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے” کا نعرہ دنیا تک پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے اس نغمے کے ذریعے نہ صرف کشمیری عوام کی آواز کو مضبوط کیا ہے بلکہ پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا ہے۔







