لاہور(شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ اور ٹیلی ویژن میزبان نادیہ خان نے ڈراما ریویو سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف کردیا۔
نادیہ خان کا شمار انڈسٹری کی جانی مانی فنکاراؤں میں کیا جاتا ہے، انہوں نے ماضی کے سنہرے دور میں ‘پی ٹی وی‘ سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے کے بعد ڈراموں میں اداکاری سے لے کر مارننگ شوز کی میزبانی اور اب تنقیدی شو تک مختلف شعبوں میں اپنے فن کا لوہا منوایا ہے۔
اداکارہ ان دنوں اگرچہ ڈراموں سے دور ہیں لیکن ’کیا ڈراما ہے’ کے نام سے نشر ہونے والے تنقیدی شو کی میزبانی کے فرائض سرانجام دیتے نظر آرہی ہیں جہاں وہ پاکستانی ڈراموں پر ریویو دے کر سب کی توجہ سمیٹ لیتی ہیں۔
حال ہی میں نادیہ خان نے جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے’ میں شرکت کی جہاں انہوں نے کئی اہم پہلو پر گفتگو کرنے کے ساتھ اہم راز فاش کردیے۔
نادیہ خان نے اپنے نئے تنقیدی کردار کے بارے میں بات کرتےہوئے انکشاف کیا کہ کئی چینلز پیسے دے کر لوگوں سے تنقید کرواتے ہیں۔
اداکارہ نے ڈراما ریویو کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈرامے ریویو کرنے کے لئے مکمل طور پر اہل ہیں کیوں کہ انہیں اس تنقید یا ریویو کا برسوں پرانا تجربہ ہے۔
نادیہ خان نے بتایا کہ،’میں ماضی میں ایک پروگرام کرتی تھی جس میں شوز کے ریویوز کیا کرتی تھی اور ناظرین کے خطوط پڑھتی تھی۔ اس کے بعد میں نے ایک باکس آفس شو کی میزبانی کی جس میں فلموں کے ریویوز کرتی تھی یہاں تک کہ میرے ریویوز کا فلم کی کارکردگی پر اثر پڑتا تھا۔‘
اداکارہ کے مطابق ،’ وہ جانتی ہیں کہ ڈراموں کا مواد کیسا ہونا چاہئے اور وہ ڈرامے ریویو کرنے کے لئے اہل ہیں۔’
لگے ہاتھوں اپنی گفتگو میں انہوں نے مزید یہ بھی انکشاف کیا کہ ،’رمضان اور دیگر اوقات میں ان کے شوز پر ہونے والی تمام تنقید اصل میں پیسے دے کر کرائی گئی تھی۔’
انہوں نے بتایا کہ،’ انڈسٹری کے کسی فرد نے انہیں بتایا کہ جب آپ کامیاب ہوتے ہیں تو آپ کے ساتھی یا مخالف چینلز آپ کے خلاف پیسے دے کر مہم چلاتے ہیں اور لوگوں سے تنقید کرواتے ہیں۔‘
نادیہ خان نے مزید یہ بھی بتایا کہ’یہاں تک کہ مجھے بھی مشورہ دیا گیا کہ میں اپنے حق میں ایک کاؤنٹر مہم چلاؤں لیکن میں نے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔’









