لندن(شوبز ڈیسک)برطانیہ میں مقیم پاکستانی اداکارہ ارمینا خان کے گھر صفِ ماتم بچھ گئی۔
سوشل میڈیا پر کھل کر بات کرنے والی اور دو ٹوک بات کہنے سے نہ گھبرانے والی اداکارہ ارمینا خان نے اپنے مداحوں کیساتھ دلخراش خبر شیئر کردی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ’بن روئے’ کی اداکارہ ارمینا خان نے اسٹوری اپڈیٹ کی جس میں انہوں نے اپنے فینز کو بڑی خبر سے آگاہ کردیا۔

انہوں نے اپنے جاری پیغام میں ساس کے انتقال کی خبر سناتے ہوئے بتایا کہ’میں نے اپنی ساس کو کھو دیا ہے، اور میں واقعی ان کی موت کو برداشت نہیں کر سکتی’۔
دوسری جانب اداکارہ کے اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا صارفین ارمینا خان سے انکی ساس کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے نظر آرہے ہیں۔
یاد رہے کہ اداکار ارمینا خان نے14 فروری 2020 میں فیصل رضا خان سے نکاح کیا اور دسمبر 2022 میں دونوں کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی جس کا نام ایمیلی اسلا رکھا۔
علاوہ ازیں حال ہی میں اداکارہ نے اپنے ساتھ پیش آنے والے حادثے کا بھی انکشاف کیا تھا ، انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا تھا کہ، ’ہم بس مرنے والے تھے، ایک ٹرک ہماری چھوٹی سی کار سے ٹکرا گیا‘۔
ارمینا خان نے حادثے کا شکار ہونے والی اپنی کار کی تصویر بھی اسٹوری پر شیئر کی تھی اور ساتھ لکھا تھا کہ ’ٹرک نے کار کو اس طرف سے بھی ہٹ کیا جہاں ایلیمی (بیٹی) بیٹھی ہوئی تھی لیکن میں نے دعاؤں کا حصار کیا ہوا تھا اس لیے جان بچ گئیں‘۔









