ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار کالکی کوچلن نے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں جاری نسل کشی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کالکی کوچلن نے ایک پوسٹ ری شیئر کی جس میں لکھا تھا کہ ‘طبی سہولیات تک رسائی کے بغیر (غزہ میں) لاکھوں لوگ بھوک اور بیماریوں کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ اسرائیل نے انہیں دنیا سے کاٹ رکھا ہے، مسلسل بمباری اور گولیوں کی برسات سمجھ سے بالاتر ہے’۔
اداکارہ کی پوسٹ میں تمام عالمی اداروں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیل کو جنگ بندی اور قتل عام روکنے پر مجبور کرنے کے لیے فوری کارروائی کریں۔
پوسٹ کے کیپشن میں کالکی نے شمالی غزہ میں اسرائیلی حکومت کے حالیہ اقدامات کی مذمت کی جسے انہوں نے ‘نسل کشی’ کے مترادف قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ (اسرائیلی) حکومت فلسطینیوں اور اسرائیلیوں، دونوں کی آنے والی نسلوں کو موت کے سوا کچھ نہیں دے کر جا رہی۔
انہوں نے اپنے فالوورز سے اس حوالے سے آگاہی پھیلانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ‘سوشل میڈیا پر اس بارے میں زیادہ سے زیادہ پوسٹس شیئر کریں لیکن اس بارے میں خود تحقیق بھی کریں، سوشل میڈیا کی دنیا سے باہر اُن تنظیموں کے بارے میں معلومات حاصل کرکے ان کی حمایت کریں، جو وہاں خود موجود ہیں اور اِس ہولناکی کو واقعتاً روکنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ میں ان پلیٹ فارمز پر پُرجوش سیاسی مباحثوں سے تھک گئی ہوں اور افسردہ ہوں کیونکہ ایک سال میں حقیقت ذرا نہیں بدلی ہے۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ‘(غزہ میں) انسانوں کو منظم طریقے سے اذیتیں دی جا رہی ہیں، انکی تذلیل کی جارہی ہے، ناکے اعصاب کو توڑا جارہا ہے، انہیں جلایا جا رہا ہے، بھوکا مارا جا رہا ہے اور ذبح کیا جا رہا ہے’۔
انہوں نے زور دیا کہ اِس ورچوئل دنیا سے باہر نکل کر انسانیت کو تلاش کریں اور مستقل مزاجی کے ساتھ اسے پروان چڑھائیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کئی دیگر بالی وڈ ستارے بھی غزہ کے جنوبی شہر رفح میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف سوشل میڈیا مہم ’آل آئیز آن رفح‘ کا حصہ بن چکے ہیں۔
کرینہ کپور، عالیہ بھٹ، ورون دھون، نورا فتیحی، ملائکہ اروڑا اور ترپتی دمری سیت کئی بھارتی فنکار غزہ کیلئے آواز اٹھا چکے ہیں۔









