بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

‘فلم انڈسٹری میں مت آنا’ سنجے دت نے ایشوریا کو کیا مشورہ دیا تھا؟

ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ اداکار ابھیشک بچن اور ان کی اہلیہ و اداکارہ ایشوریا رائے اِن دنوں طلاق کی افواہوں کے سبب خبروں میں موضوع بحث بنے ہوئے ہیں۔

1994 میں ‘مس انڈیا’ کا تاج جیتنے کے بعد ایشوریا رائے نے تامل فلم ‘اروور’ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور اسی سال ان کی پہلی ہندی فلم ‘اور پیار ہو گیا’ بھی ریلیز ہوئی، تب سے آج تک ایشوریا نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور بھارتی فلم انڈسٹری میں کئی سپر ہٹ فلموں کا حصہ بنیں۔

تاہم کیا آپ جانتے ہیں کہ معروف بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے ایشوریہ کو فلم انڈسٹری میں نہ آنے کا مشورہ دیا تھا؟

سنجے دت نے CineBlitz کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انہوں نے ایشوریا کو پہلی بار مشروبات کے کسی اشتہار میں دیکھا تھا اور وہ انکی خوبصورتی سے بےحد متاثر ہوئے تھے۔

اسی انٹرویو میں سنجے دت نے بتایا کہ انہوں نے ایشوریا کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اپنے ماڈلنگ کیرئیر میں ہی آگے بڑھتی رہیں اور فلم انڈسٹری میں نہ آئیں۔

سنجے دت کا ماننا تھا کہ فلم انڈسٹری کی ڈیمانڈ اور چیلنجز کی وجہ سے ایشوریا کی دلکش خوبصورتی اور معصومیت ماند پڑ جائے گی، یہاں کوئی 2 قدم اوپر چڑھے تو 500 لوگ اسے واپس نیچے کھینچنے کیلئے موجود ہوتے ہیں۔

ایشوریا نے سنجے دت کے نقطہ نظر سے اتفاق کیا تھا تاہم اُن کی رائے تھی کہ آپ اپنی زندگی میں جتنی مشکلات کا سامنا کرتے ہیں اتنے ہی مضبوط بن جاتے ہیں۔

آج ایشوریا کا شمار بالی ووڈ کی سب سے منجھی ہوئی اداکاراؤں میں ہوتا ہے، انہوں نے نہ صرف بھارتی فلم انڈسٹری بلکہ ہالی ووڈ میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ایشوریا کے کریڈٹ پر ‘ہم دل دے چکے صنم’، ‘دیوداس’، ‘سربجیت’، ‘چوکھر بالی’، ‘گزارش’، ‘گرو’ اور بہت سی دیگر فلمیں ہیں۔

سنجے دت کا یہ انٹرویو اِن دنوں ایک بار پھر وائرل ہورہا ہے جب یہ خبریں گرم ہیں کہ ایشوریا کی مبینہ طلاق کیوجہ انکے شوہر ابھیشیک اور اداکارہ نمرت کور کے درمیان افیئر ہے اور وہ جلد ایشوریا کی جگہ لینے والی ہیں۔

یاد رہے کہ ابھیشیک بچن 2006 میں بننے والی فلم ’امراؤ جان‘ کی شوٹ کے دوران ایشوریا رائے سے محبت کرنے لگے تھے اور اپنے ان جذبات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انہوں نے ایشوریا کے ساتھ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گرو‘ کی تشہیر کے دوران شادی کے لیے پروپوز کردیا تھا۔

2007 میں شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد اس جوڑے نے سال 2011 میں بیٹی آرادھیا کا دنیا میں استقبال کیا۔