اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا سعودی عرب اور قطر کا دورہ کامیاب رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے معیشت بحالی کی جانب گامزن ہے، اور حالات میں بتدریج بہتری آ رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم کی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔ سعودی عرب کے ساتھ 27 ایم او یوز پر 2.2 ارب ڈالر کے معاہدے ہوئے، جو اب 2.8 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی کا رشتہ کئی دہائیوں پر محیط ہے، اور مزید معاہدے کیے گئے ہیں۔
تارڑ نے مزید بتایا کہ قطر نے پاکستانی فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا جس میں 1947 سے اب تک کے پاکستانی فن کو پیش کیا گیا۔ وزیر اطلاعات نے امیر قطر اور ان کی بہن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قطر پاکستان میں 3 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، جس سے معیشت کو تقویت ملے گی۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ مہنگائی 6.9 فیصد پر آ گئی ہے، شرح سود میں کمی ہوئی ہے، اور دوست ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا اقتصادی ایجنڈا تیزی سے مکمل ہو رہا ہے، اور پاکستان 24 سال بعد فسکل سرپلس میں گیا ہے۔
داخلی امور پر بات کرتے ہوئے تارڑ نے خیبر پختونخوا حکومت کو غیر سنجیدہ قرار دیا اور ان پر طالبان کی دوبارہ آبادکاری اور امن و امان کی خراب صورتحال پر توجہ نہ دینے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی اہلکار شہید ہو رہے ہیں اور وزیر اعلیٰ صوبائی معاملات چلانے میں ناکام ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی سیکیورٹی پر بھرپور توجہ ہے اور حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے عزم پر قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو ان کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے اور بہت جلد عوام ان کا احتس
اب کریں گے۔









