اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کی حفاظت اور حقوق کی پاسداری کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں صحافی عوام کو باخبر رکھنے اور حقائق سامنے لانے کے لیے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر دن رات کام کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو سچ بولنے کے جرم میں مشکلات، پابندیوں، تشدد، دھمکیوں، اغواء اور حتیٰ کہ قتل جیسے خطرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ خاص طور پر غزہ میں درجنوں صحافیوں کو بین الاقوامی قوانین کی موجودگی کے باوجود دانستہ نشانہ بنا کر ان کی جان لی گئی، جس سے آزادیٔ صحافت کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
وزیر اعظم نے عالمی برادری اور بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ صحافیوں کے قتل پر اسرائیل کو انصاف کے کٹھہرے میں کھڑا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے بغیر آزادی صحافت ممکن نہیں، اور پاکستانی صحافیوں نے جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی کے لیے گرانقدر قربانیاں دی ہیں۔
وزیر اعظم نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے 2021 میں صحافی و میڈیا ورکرز کے تحفظ کا ایکٹ پاس کیا گیا، جس کے تحت صحافیوں کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام، مجرموں کو سزا دلوانے اور ان کے تحفظ کے لیے حکومت پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان آزادی اظہار رائے، آزادی صحافت اور معلومات تک رسائی کے حقوق دیتا ہے اور حکومت اس کو یقینی بنائے گی۔









