بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دیوالی جشن میں پاکستانی سیلیبریٹیز کے جلوے

کراچی(شوبز ڈیسک)دنیا بھر میں منائے جانے والے ہندوؤں کے مذہبی تہوار دیوالی میں پاکستانی سیلیبرٹیز کے جشن کی سوشل میڈیا پر دھوم مچ گئی۔

پاکستانی شوبز ستاروں کا شاندار دیوالی جشن دیپک پروانی کے گھر منعقد کیا گیا جس میں سب نے ایک ساتھ خوبصورت لمحات گزارے۔ یہ تقریب سونیا حسین نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹپر شیئر کی، جس میں انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات موجود تھیں۔

دیپک پروانی کی دیوالی پارٹی کی خوبصورتی دیکھ کر سب ہی حیران رہ گئے۔ روایتی سجاوٹ، چراغاں اور رنگولی نے ماحول کو دیوالی کی حقیقی روح سے بھر دیا۔

سونیا حسین ہمیشہ کی طرح اس تقریب میں بھی دلکش نظر آئیں۔ سونیا نے اپنے انسٹا اسٹوریز میں اس پارٹی کی جھلکیاں شیئر کیں، جنہیں مداحوں نے بے حد پسند کیا۔ ان کی تصاویر اور ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا دیا ہے۔

سونیا حسین نے دیوالی پارٹی کی اپنی دلکش ویڈیو جاری کی جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’پاکستان مختلف ثقافتوں اور عقائد کا ایک خوبصورت امتزاج ہے، اور ہمیں اپنی اقلیتوں کو اس ملک کا اہم حصہ سمجھتے ہوئے ان کا جشن منانا چاہیے۔ ‘

جیسا کہ محمد علی جناح نے فرمایا:

’آپ آزاد ہیں، آپ اپنے مندروں میں جانے کے لیے آزاد ہیں… آپ کسی بھی مذہب، ذات یا عقیدے سے تعلق رکھ سکتے ہیں، اس کا ریاست کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں۔‘

سونیا حسین نے لکھا کہ ‘یہ قول ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہر کمیونٹی ہمارے معاشرے کو خوبصورت بناتی ہے۔ آئیں، ہم سب کے حقوق اور آزادیوں کا احترام کریں، اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ پاکستان میں ہر کوئی اپنے آپ کو گھر جیسا محسوس کرے۔ یہ ان کا ملک بھی ہے، اور ہم سب ثقافتوں کو کھلے دل سے اپناتے ہیں۔ مل کر ہم ایک ایسا مستقبل بنا سکتے ہیں جو احترام، اتحاد اور محبت سے بھرا ہو۔‘

ثروت گیلانی اور ان کے شوہر فہد مرزا بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ دونوں نے دیوالی کے روایتی اسٹائل کو اپنایا اور دلکش جوڑی کی صورت میں سب کی توجہ حاصل کی۔ یہ دونوں ہمیشہ کی طرح اپنے انداز اور فیشن سینس سے محفل کو چار چاند لگا رہے تھے۔

محب مرزا کی موجودگی نے پارٹی کو اور بھی رنگین بنا دیا۔ اپنے سادہ اور منفرد اسٹائل کے ساتھ، محب مرزا نے دیوالی کا جوش و خروش بھرپور انداز میں منایا۔ اس پارٹی میں محب مرزا کی اہلیہ صنم سعید بھی موجود تھیں۔

شہریار منور اور ماہین صدیقی بھی اس جشن کا حصہ تھے۔ دونوں نے روایتی دیوالی اسٹائل کو اپنا کر تقریب میں چار چاند لگا دیے۔ ان کی یہ جھلکیاں دیکھ کر ان کے مداح کافی خوش ہیں۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی جھلکیوں کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ دیپک پروانی کی دیوالی پارٹی کو حقیقی جوش و خروش سے منایا گیا۔ پارٹی کی سجاوٹ بھی دیوالی کی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی تھی۔ رنگولی، دیے اور چراغاں نے ماحول کو مزید حسین بنا دیا۔