کراچی(شوبز ڈیسک)پاکستانی ڈراما ‘کبھی میں کبھی تم’ کی آخری قسط کے پریمیئر سے متعلق اداکارہ ہانیہ عامر کا حیران کن اعلان مداحوں کو مایوس کرگیا۔
‘کبھی میں کبھی تم’ پاکستانی نجی ٹی وی چینل کا ایک ایسا کامیاب ڈراما ثابت ہوا جس نے ویورز شپ کے تمام ریکارڈز توڑ دیے۔
ناظرین نے فرحت اشتیاق کی اسٹوری کے ساتھ بدر محمود کی ہدایت کاری کو بے انتہا سراہا۔
فہد مصطفیٰ نے اس ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی پروڈکشن کی ذمہ داری بھی سنبھالی اور یہ ڈرامہ ‘بگ بینگ انٹرٹینمنٹ’ کے بینر تلے بنایا گیا۔
5 نومبر کو ڈرامے کی آخری قسط سنیما میں ریلیز کی جائیگی جس کے حوالے سے جہاں پاکستانی فینز بے انتہا پُرجوش ہیں وہیں بھارت اور دوسرے ممالک سے تعلق رکھنے والے ناظرین افسردہ ہیں کیونکہ وہ بھی آخری قسط کو بڑے پردے پر دیکھنے کا لطف اٹھانا چاہتے ہیں لیکن اس کے لیے انہیں پاکستان آنا پڑے گا۔
اگرچہ آخری قسط کا شور ہر طرف سنا جاسکتا ہے لیکن اس قسط کی ریلیز سے قبل ہی ہانیہ عامر پرواز بھر کر کنیڈا پہنچ گئی ہیں جہاں وہ اپنے فینز سے ملتی اور بھارتی صحافی فریدون کو انٹرویو دیتی نظر آئیں۔
اس خاص انٹرویو کی متعدد ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جن میں فریدون، ہانیہ عامر سے مختلف سوال کرتے نظر آرہے ہیں۔
ایک ویڈیو میں فریدون نے ہانیہ عامر سے کہا کہ ‘اس انٹرویو کے وائرل ہوتے ہی یہ میم وائرل ہوگا کہ ہانیہ پریمیئر میں شرکت کریں گی کہ نہیں؟’ جس پر ہانیہ عامر نے کہا کہ ‘مجھے پتا ہے کہ میں پریمیئر اٹیند نہیں کر پاؤں گی لیکن کنیڈا کے فینز بھی کب سے میرا انتظار کر رہے تھے’۔
انہوں نے کہا کہ ‘ میں یہاں آکر بہت خوش ہوں، لوگوں سے بہت پیار مل رہا ہے، کبھی میں کبھی تم کے سبب لوگوں نے جتنا پیار دیا اتنا سوچا تک نہیں تھا، شرجینا سے میرا خاص تعلق بن گیا ہے اور اب میں اس نام پر رسپانس بھی دیتی ہوں’۔
ہانیہ عامر کی جانب سے پریمیئر میں شرکت نہ کرنے کا اعلان سن کر مداح مایوس ہوگئے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘مطلب ڈرامے کی اسٹار ہی پریمیئر میں شریک نہیں ہوگی’ ، ایک اور صارف نے لکھا کہ ‘ہم ہانیہ اور فہد کو پریمیئر پر ایک ساتھ دیکھنا چاہتے ہیں، پلیز فنالے سے پہلے ایک اور ہارٹ بریک نہ دیں’۔









