لاہور(شوبز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف گلوکار عمیر جسوال نے اداکارہ ثناء جاوید سے طلاق کے بعد گزرنے والے وقت اور دوسری شادی سے ملنے والی خوشی کے بارے میں پہلی مرتبہ لب کشائی کردی۔
عمیر جسوال نے اکتوبر 2020 میں پاکستانی اداکارہ و ماڈل ثناء جاوید کے ساتھ نکاح کیا تھا اور دونوں کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے بے حد پسند بھی کیا گیا تھا۔ تاہم گزشتہ سال عمیر جسوال اور ثناء جاوید کی طلاق ہوگئی اور 20 جنوری 2024 کو ثناء جاوید نے کرکٹر شعیب ملک سے دوسری شادی کا اعلان کردیا۔
یاد رہے کہ ثناء جاوید اور شعیب ملک کی شادی کی خبر منظر عام پر آنے کے بعد ہی ثناء اور عمیر جسوال کی طلاق کی خبر کھلی جو مداحوں کو شدید صدمہ دے گئی۔
افواہوں کے مطابق ثناء جاوید نے شعیب ملک سے محبت ہوجانے کے سبب اپنے شوہر عمیر جسوال سے طلاق مانگی تھی گلوکار عمیر جسوال اس بات کے حق میں نہیں تھے لیکن ثناء نے یہ فیصلہ زبردستی کروایا جس کے بعد دونوں کی طلاق ہوگئی۔
اس خبر کو جاننے کے بعد سے مداح عمیر جسوال کو ہمت، صبر اور بہترین مستقبل کی دعائیں دیتے نظر آئے اور انکی یہ دعائیں قبول بھی ہوگئیں کیونکہ 7 اکتوبر عمیر جسوال نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی دوسری شادی کی تصویر شیئر کی جس میں انکی دلہن تو نظر نہیں آئیں لیکن وہ خود دلہا بنے ضرور دکھے۔
ثناء جاوید سے طلاق اور پھر دوسری شادی کے بعد عمیر جسوال پہلی مرتبہ انٹرویو دیتے دکھے جہاں انہوں نے ان دونوں معاملات کے بارے میں ہی بات کی۔
عمیر جسوال نے کہا کہ ‘میں بے انتہا خوش ہوں۔ اللہ بڑا مہربان ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اللہ ہی آپ کو کسی راستے سے گزارتا ہے اور جب آپ اپنی صحیح منزل تک پہنچ جاتے ہیں تو تب ہی آپ کو سمجھ آتا ہے کہ اس راستے سے اللہ نے کیوں گزارا اور اس وقت اپنی صحیح منزل کو پانے کی خوشی ہوتی ہے’۔
انہوں نے ثناء جاوید سے طلاق کے بعد گزرنے والے وقت کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘جب میں اس وقت کے بارے میں سوچتا ہوں جس سے میں گزرا مجھے یاد آتا ہے کہ دنیا بھر سے بے شمار لوگوں نے مجھ سے رابطہ کیا’۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سے رابطہ کرنے والوں میں صرف میرے فینز نہیں بلکہ ایسے لوگ بھی تھے جن کو میں جانتا نہیں تھا اور وہ بے انتہا پریشان تھے، میں نے ان سب سے یہی کہا کہ اللہ کے ہر فیصلہ میں کوئی بہتری ہوتی ہے اور اب وہ سب میرے لیے بے انتہا خوش بھی ہیں’۔
عمیر جسوال نے بتایا کہ ‘جب میں نے شادی کا اعلان کرتے ہوئے وہ ایک تصویر شیئر کی تو سب کی جانب سے بے انتہا پیار ملا اور یہ دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہوئی کہ لوگ مجھ سے اتنی محبت کرتے ہیں، میرے لیے دعائیں کرتے ہیں اور میں نے ان سے یہی کہا کہ مجھے اور میری فیملی کو اپنی خاص دعاؤں میں یاد رکھیے’۔
میزبان نے عمیر جسوال سے ان کی اہلیہ کے بارے میں پوچھا کہ ‘ان کے فینزیہ سوال کرتے نظر آئے کہ شادی کس سے کی؟ اہلیہ کون ہیں؟’ جس پر عمیر جسوال نے کہا کہ ‘لوگ آپ کی ذاتی زندگی کے بارے میں بے انتہا متجسس ہوتے ہیں اور کچھ لوگ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں حد سے زیادہ بتا کر دوسروں کو مداخلت کرنے کا موقع دے دیتے ہیں پھر بعد میں دوسروں کو الزامات دیتے ہیں اور پچھتاتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کہ آپ یہ دروازہ خود کھولتے ہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘اگر آپ اپنے فینز کو اپنی ذاتی زندگی کے بجائے صرف پیشہ ورانہ زندگی اور اپنے اچھے کاموں کے بارے میں ہی بتائیں تو وہ زیادہ بہتر ہے، میں بھی لوگوں میں اپنے کام کی وجہ سے ہی مشہور ہونا چاہتا ہوں نہ کہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بتا کر’۔
عمیر جسوال نے مزید کہا کہ ‘اہم یہ بھی ہوتا ہے کہ آپ کا پارٹنر کیا چاہتا ہے، اسکو اگر اپنی پرائیوسی چاہئے تو میں لازمی اس کا احترام کروں گا’۔
عمیر جسوال کے اس انٹرویو کو سننے کے بعد سب انکے لیے ‘ اصلی جینٹلمین’ لکھتے دکھ رہے ہیں اور اسکی وجہ یہ لکھ رہے ہیں کہ عمیر جسوال نے ایک اچھے مرد کی طرح صرف اپنی زندگی میں آنے والی خوشی کے بارے میں بتایا اور سابقہ اہلیہ ثناء جاوید کی برائی کرنا کیا بلکہ انکا نام تک نہیں لیا’۔









