لاہور: پنجاب کی سینئر وزیرمریم اورنگزیب نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی خریداری سے متعلق نواز شریف کے دعوے کے تردید کردی ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس خبر میں کوئی حقیقت نہیں کہ پنجاب حکومت پی آئی اے کو خرید رہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز چاہتی ہیں کہ پی آئی اے کو خرید کر ایئرپنجاب کے نام سے سروس شروع کی جائے۔
نواز شریف کاکہناتھا کہ میں نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ آپ پی آئی اے کو خرید لیں یا نئی ایئرلائن بھی شروع کی جاسکتی ہے۔ اب اس حوالے سے غور و خوض جاری ہے۔
دوسری جانب امریکا سے لندن واپس پہنچنے پر ایک بار پھر نواز شریف نے کہا کہ مریم نواز سے پی آئی اے کی خریداری پر جو بات ہوئی اس پر مزید کام کا ارادہ ہے، تاہم سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب ایسے دعوؤں کی تردید کررہی ہیں۔








