لاہور(نیوز ڈیسک)فضائی آلودگی کے شدید مسئلے میں لاہور نے دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرا مقام حاصل کر لیا ہے، جب کہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی 393 کے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) اسکور کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس اس وقت 280 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا کی رفتار 2 سے 5.5 کلومیٹر فی گھنٹہ جنوب سے مشرق کی جانب ہے، جس سے ہوا میں آلودگی برقرار رہنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
دوسری جانب، کلکتہ 189 اسکور کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، دبئی 177 اسکور کے ساتھ چوتھے، قاہرہ پانچویں اور ڈھاکہ چھٹے نمبر پر ہے۔ گزشتہ ماہ 4 اکتوبر کو لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 1194 تک پہنچ گیا تھا، اس وقت ہوا کی رفتار 850 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی۔
پنجاب حکومت نے فضائی آلودگی کے خلاف سخت اقدامات جاری رکھے ہیں۔ کنٹرول روم سے صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور عوام کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ فصلوں کی باقیات اور مونجی جلانے سے روکنے کے لیے محکمہ ماحولیات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کڑی نگرانی اور گشت جاری ہیں، جب کہ خلاف ورزیوں پر گرفتاریوں اور جرمانوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے میں اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی سرگرمی سے گریز کریں جس سے ہوا میں دھواں پھیلے۔ انہوں نے میڈیا اور دانشوروں سے بھی رائے عامہ ہموار کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ سب مل کر اس مسئلے کا حل نکال سکیں۔








