ممبئی(شوبز ڈیسک)بالی وڈ اداکار ادتیا رائے کپور نے ساتھی اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور شردھا کپور دونوں میں سے باصلاحیت اداکارہ کا نام بتادیا۔
ادتیہ رائے کپور نے 2009 میں فلم ’لندن ڈریمز‘ سے سلمان خان اور اجے دیوگن کے ساتھ اپنی اداکاری کا آغاز کیا مگر 2013 کی فلم ’عاشقی 2‘ میں شردھا کپور کے ساتھ ان کی جوڑی نے انہیں بالی وڈ کے کامیاب اداکاروں کی فہرست میں لا کھڑا کیا۔ بعد ازاں انہوں نے پرینیتی چوپڑا کے ساتھ ’دعوتِ عشق‘ میں اسکرین شیئر کی۔
’کافی ود کرن‘ کے سیزن 6 کے ایک ایپیسوڈ میں ادتیا رائے کپور نے سدھارتھ ملہوترا کے ساتھ شرکت کی۔
تیز اور ہلکے پھلکے ’ریپڈ فائر‘ راؤنڈ کے دوران، کرن جوہر نے اداکار سے پوچھا کہ شردھا (کپور) یا پرینیتی (چوپڑا)، زیادہ باصلاحیت اداکارہ کون ہے؟
اس پر انہوں نے ہاتھ سے اشارہ کرتے ہوئے کہا ’کوئی نہیںُ، یعنی ان دونوں اداکاراؤں میں ٹیلنٹ نہیں ہے۔
’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ کے ہدایتکار کرن جوہر نے ان کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے پوچھا،’تمہیں لگتا ہے کہ ان میں سے کوئی بھی باصلاحیت نہیں؟‘ اس پر ادتیا نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ‘ہاں، کوئی ٹیلنٹڈ نہیں‘ جس پر سدھارتھ ملہوترا زور سے ہنس پڑے۔
کچھ عرصے بعد، کرینہ کپور خان کے شو ’واٹ ویمن وانٹ‘ میں بات چیت کے دوران، ادتیا رائے کپور نے اپنے کیریئر کے اس مشکل دور کا ذکر کیا جب ان کی فلمیں باکس آفس پر اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہی تھیں۔
اداکار نے کہا کہ ’ایسے کمزور لمحات آئے جب فلمیں کامیاب نہیں ہو رہیں تھیں یا کام نہیں مل رہا تھا۔ کچھ فلمیں اچھی نہیں چلیں اور مجھے جو بھی آفرز ملیں وہ پسند نہیں آئیں، شاید اس وقت میں کمزور تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک مشکل وقت تھا جب انہیں کچھ بھی پسند نہیں آ رہا تھا اور انہوں نے کچھ عرصے تک کام نہیں کیا۔
ادتیا کے کام کے حوالے سے بات کی جائے تو ادتیا رائے کپور اس وقت انوراگ باسو کی فلم ’میٹرو اِن ڈنو’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ سارا علی خان، پنکج تریپاٹھی، انوپم کھیر، نینا گپتا، کونکنا سین شرما، علی فضل، فاطمہ ثناء شیخ اور دیگر شامل ہیں۔









