بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ہانیہ عامر کا ‘گیٹ ریڈی ود می’ کا اردو ورژن توجہ کا مرکز

کراچی(شوبز ڈیسک)پاکستانی دلکش اداکارہ ہانیہ عامر کا ‘گیٹ ریڈی ود می’ کا اردو ورژن ‘میں تیار ہو رہی ہوں’ وائرل ہوگیا۔

کم عمری میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھنے والی ہانیہ عامر نے ‘جانان’ سے کریئر کا آغاز کیا لیکن انکی شہرت کے آسمان پر پہنچانے والا ڈراما ‘میرے ہمسفر’ ثابت ہوا جس میں وہ ‘ہالا’ نامی کردار نبھاتی نظر آئیں۔

اگرچہ ‘میرے ہمسفر’ نے ہانیہ عامر کی شہرت میں زبردست اضافہ کیا لیکن ان کا اب تک کا سب سے کامیاب ڈراما ‘کبھی میں کبھی تم’ ثابت ہوا جس میں وہ ‘شرجینا’ نامی کردار نبھا کر سب کی آنکھوں کا تارا بن گئیں۔

ہانیہ عامر کی اداکاری تو کمال ہے ہی لیکن انکا سوشل میڈیا پر متحرک رہنا اور اپنی انٹرٹینمنٹ سے بھری ویڈیوز شیئر کرنا سب کی توجہ کا مرکز بنتا رہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ پاکستانی بن چکی ہیں جنکو انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کیا جارہا ہے۔

ہانیہ عامر نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایک میٹنگ کیلئے تیار ہوتی نظر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہیلو گائیز میں واپس آگئی ہوں، میں آج گیٹ ریڈی ود می نہیں کرونگی کیونکہ مجھے یہ کہنا پسند نہیں سادہ سے کہہ دو کہ میں تیار ہورہی ہوں’۔

ہانیہ عامر نے ویڈیو میں سب سے پہلے اپنی زلفوں کو جوڑے میں باندھا اور پھر کہا کہ ‘جا تو میں ایسے بھی سکتی ہوں لیکن تھوڑا سا تیار ہونا چاہئے ناں’۔

اسکے بعد ہانیہ عامر نے آئی لائنر لگایا اور آئی بروز بناتے ہوئے ٹپ دی کہ کبھی بھی آئینے کے قریب جاکر میک اپ نہ کریں کیونکہ اتنے قریب سے شکل دیکھنے پر مسئلے دکھنے لگتے ہیں اور میں اپنی زندگی میں مزید مسئلے نہیں چاہتی’۔

اس کے بعد ہانیہ عامر نے گلابی کرتے کے ساتھ سفید شلوار اور دوپٹہ پہنا اور چپل پہننے کے بعد خود کو تیار ہوا دیکھ کر بولیں کہ ‘ میں سبزی لینے جارہی ہوں’ اور ہنس پڑیں پھر انہوں نے فینز کو الوداع کہہ دیا۔