اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے نیشنل یوتھ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے تقریب میں شریک تمام مندوبین کو خوش آمدید کہا اور پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد ایک خواب پر رکھی گئی تھی جسے علامہ اقبالؒ نے دیکھا اور قائداعظمؒ نے اسے تعبیر دی۔ عطاء تارڑ نے کہا کہ نوجوانوں نے قائداعظم کے شانہ بشانہ آزادی کی جدوجہد کی اور پاکستان کا مطلب کیا “لا الہ الا اللہ” کا پیغام ہر گلی، ہر قریے تک پہنچایا۔
انہوں نے پاکستان کی نوجوان آبادی کو ملک کا عظیم سرمایہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور ہر فورم پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں۔ عطاء تارڑ نے موسمیاتی تبدیلی کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس حوالے سے متعدد اقدامات کر رہی ہے۔
عطاء تارڑ نے فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت میں پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان 1967 سے پہلے والی فلسطینی ریاست کی بحالی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔








