کراچی ( اصغر چوہدری ) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بدقستی سے پیپلز پارٹی کے خلاف منفی پروپیگنڈہ اور مہم چلائی گئی، منفی چیزوں اور کہیں پر کام نہ ہونے کو پیپلز پارٹی سے منسوب کیا جاتا تھا، کافی ایسے شعبے ہیں جس میں حکومت سندھ کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا ، حکومت سندھ نے صحت کے شعبے میں جو سہولیات متعارف کراوئی ہیں وہ صرف سندھ کے لئے نہیں پورے ملک اور پڑوسی ممالک کے عوام کے لیے بھی ہیں، ان سہولیات سے نہ صرف پورا ملک بلکہ پڑوسی ممالک کے شہری بھی مستفید ہو رہے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک اینڈ پرنٹ میڈیا کلفٹن کراچی میں اسلام آباد کے صحافیوں کے ایک وفد نے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ، ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔
شرجیل انعام میمن نے کراچی آمد پر اسلام آباد کے صحافیوں کو خوش آمدید کہا، اسلام آباد کے صحافیوں نے سندھ کے مختلف اضلاع کے دورے کے بعد کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ملاقات کے موقع پر محکمہ صحت، محکمہ تعلیم اور دیگر شعبوں میں حکومت سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اسلام آباد کے صحافی دوست حکومت سندھ کی خصوصی دعوت پر کراچی آئے ہوئے ہیں، ہم ان کو خوش آمدید کہتے ہیں، اس سے قبل کے پی اور لاہور کے صحافیوں کو مدعو کیا گیا تھا تاکہ ملک کے دیگر حصوں کے عوام کو حکومت سندھ کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں آگہی دی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پھیپھڑوں کے ٹرانسپلانٹ کے لئے لوگ بھارت جاتے تھے، پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کی کاوشوں سے اب یہ سہولت پاکستان میں بھی دستیاب ہے اور مفت میں لوگوں کے ٹرانسپلانٹ کئے جاتے ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید بی بی بینظیر بھٹو نے اس ملک کے خواتین کو بااختیار بنایا اور ملک میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کا منصوبہ شروع کیا ، پہلے تو پس،پسماندہ علاقوں میں خواتین کے شناختی کارڈ تک نہیں بنتے تھے لیکن جب صدر آصف علی زرداری نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا تو لوگوں کو شناختی کارڈ کی اہمیت کا پتہ چلا اور خواتین نے بڑھ چڑھ کر اپنے کارڈ بنوائے۔ انہوں نے کہا کہ جو سڑکیں حکومت کے کنٹرول میں ہیں وہ آپ کو بہترین ملیں گی ، پورے پاکستان کی گڈس سندھ سے براستہ قومی شاہراہ جاتی ہیں، وفاقی حکومت کو قومی شاہراہ پر توجہ دینی چاہئے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کی اولین ترجیح لوگوں کی زندگیاں اور صحت ہے، حکومت سندھ صحت سمیت دیگر شعبوں میں اربوں روپے خرچ کر رہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے احسن اقبال سے کہا کہ آپ سندھ سے سیکھیں ۔انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبہ شہید بی بی نے شروع کیا، بعد ازاں اس کو بندکردیا گیا، صدر آصف علی زرداری نے حکومت میں آکر تھر کول منصوبہ دوبارہ شروع کیا ، آج ہزاروں میگا واٹ بجلی تھر کول سے قومی گرڈ میں جا رہی ہے اور اس سے پورا ملک مستفید ہو رہا ہے ، ہزاروں میگا واٹ قومی گرڈ میں دینے سے بڑی اور کیا خدمت ہوگی، ہمیں لوگوں نے ووٹ دیا ہے کہ ہم لوگوں کی خدمت کریں، معاشی ماہرین مانتے ہیں کہ توانائی بحران کا واحد حل تھر کا کوئلہ ہے ، تھر کول منصوبہ کے انفرا اسٹرکچر پر حکومت سندھ نے ایک ارب ڈالر سے زیادہ خرچ کیا ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اقلیتی برادری کے لئے سب سے زیادہ کام پیپلز پارٹی نے کئے ہیں، اقلیتوں کے لئے مندرز، چرچز، کمیونٹی سینٹرز پیپلز پارٹی نے بنوائے ہیں ، سیاحت کے شعبے کے فروغ کے لئے بھی حکومت سندھ سرگرمی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک تاثر بنایا گیا کہ سندھ میں امن امان کی صورتحال خراب ہے ، امن امان کی صورتحال سندھ میں بہت بہتر ہے، ہمارے صحافی دوستوں نے رات کے وقت سکھر سے لے کر تھر تک براستہ روڈ سفر کیا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو اور صدر آصف علی زرداری کی خواہش ہے کہ بلوچستان میں این آئی سی وی ڈی شروع کیا جائے ، اس طرح کے منصوبوں کے لئے کے پی اور پنجاب کو جہاں بھی ضرورت ہو تو حکومت سندھ مدد کے لئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں پیپلز پارٹی کی حکومت کم رہی ہے، لہٰذا سندھ کو وسائل کی کمی کا سامنا رہا ہے، وسائل کی کمی کے باوجود حکومت سندھ نے عوام کی بھرپور خدمت کی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ تعصب اور نفرت کے سیاست کی حوصلہ شکنی ہو ، زمینی طور پر کوئی تعصب نہیں، چند لوگ ذہنوں تعصب پالتے ہیں اور مذموم مقاصد کے لئے اس کو فروغ دیتے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ وہ تعصب پر مبنی بات کریں، ہم جواب دیں اور معاملہ بڑھے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ ماحولیات پر بھی کام کر رہی ہے ، سیلاب دیگر صوبوں میں بھی آئے، لیکن حکومت سندھ 21 لاکھ خاندانوں کو گھر بنا کر دے رہی ہے، بجلی کی فراہمی کیلئے حکومت سندھ کی جانب سے دو لاکھ گھروں کو سولر سسٹم دیئے جا رہے ہیں، ان کو تاعمر کوئی بل نہیں بھرنا پڑے گا، لوگوں کے حقیقی مسائل اور ان کے فلاح و بہبود کے لئے صرف حکومت سندھ کام کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی ماحول دوست ای وی بسز پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ نے متعارف کروائیں ، خواتین کے محفوظ سفر کے لئے پہلی بار پنک سروس پیپلز پارٹی نے شروع کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مسائل پورے پاکستان میں ہیں، صرف پیپلز پارٹی اور حکومت سندھ کے خلاف پروپیگنڈہ کی دکان کھولی گئی ، ایک شخص کو فرشتہ بنا کر پیش کیا گیا، کچھ جماعتوں کو برا بنا کر پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایئرپورٹس کو فعال بنانے کا کام وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے ، حکومت سندھ نے صرف تھر کول پر اپنا ایئرپورٹ بنایا ہے، پوری دنیا میں دریائوں میں کشتیاں چلتی ہیں، سندھ میں بھی چلنی چاہئیں، پورٹس اینڈ شپنگ وفاقی حکومت کے دائرہ اختیار میں ہے، وفاقی حکومت یہ کام کر سکتی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے میرٹ پر ہزاروں اساتذہ بھرتی کئے، آئی بی اے ٹیسٹ کے تحت میرٹ پر بھرتیاں کی گئیں، حکومت سندھ نے صحت اور تعلیم کو اولین ترجیحات میں رکھا، ان شعبوں میں انقلابی کام کر رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے اس موقع پر مہمان صحافیوں کو سندھی اجرک اور ٹوپی کے تحائف بھی پیش کئے۔ پی آر اے کے وفد میں صدر پی آر اے عثمان خان ، سیکرٹری نوید اکبر ،سیکرٹری فنانس اصغر چوہدری ،نائب صدر احمد نواز۔ جوائنٹ سیکرٹری شاکر عباسی ، ممبران گورننگ باڈی و کمٹیز عائشہ ناز ، جاوید نور، فہد چوہدری ، نادر گورمانی، عرفان ملک شامل تھے جبکہ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات ندیم الرحمن میمن ، ڈی جی پبلک ریلیشنز محمد سلیم خان ، ڈائریکٹر اطلاعات فلمز حزب اللہ میمن ، ڈائریکٹر اطلاعات ایڈمن منصور احمد راجپوت، ڈائریکٹر اطلاعات سوشل میڈیا اختر علی سرہیو، ڈائریکٹر اطلاعات الیکٹرانک میڈیا عزیز احمد ہکڑو ،ڈائریکٹر اطلاعات پبلسٹی عبدالماجد خان ،پی آر او ٹو منسٹر حسین منصور سمیت دیگر شریک تھے۔
سندھ حکومت کی پنجاب ،کے پی کو صحت کے شعبے میں تعاون کی پیشکش








