facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کوئٹہ میں ریلوے اسٹیشن پر دھماکا، 22 افراد جاں بحق، 40 سے زائد زخمی

کوئٹہ(نیوز ڈیسک)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن میں دھماکے کے نتیجے میں خاتون سمیت 22 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا جعفر ایکسپریس کے گزرنے کے وقت ریلوے اسٹیشن کے اندر پلیٹ فارم میں ہوا۔

دھماکے کے وقت مسافر ریلوے اسٹیشن میں جعفر ایکسپریس سے پشاور جانے کی تیاری میں مصروف تھے۔

ریلوے حکام نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ گھر کے قریب ہوا جبکہ ٹرین اب تک پلیٹ فارم پر نہیں لگی تھی۔

پولیس سرجن ڈاکٹر عائشہ فیض نے جاں بحق افراد کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ دھماکے کے 22 جاں بحق افراد ہسپتال لائے گئے۔

ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ نے بتایا کہ بظاہر لگ رہا ہے دھماکا خودکش تھا، دھماکے کے وقت پلیٹ فارم پر 100 سے زائد افراد موجود تھے۔

وزیر اعظم، وزرائے اعلیٰ کا اظہار مذمت
وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے پر شدید الفاظ میں اظہار مذمت کیا اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور بلوچستان حکومت سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ طلب کرلیا۔

ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کے جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشت گردوں کو بہت بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی، جبکہ دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر دھماکے پر اظہار مذمت کیا اور اعلیٰ انتظامی حکام سے رابطہ کرنے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں، انسانیت سےگر چکے ہیں، دہشت گردی کے متعدد واقعات میں ملوث عناصر تک پہنچ چکے ہیں جبکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ متعدد واقعات میں ملوث دہشت گرد پکڑے بھی جا چکے ہیں، دہشت گردوں کا پیچھا کر کے انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور بلوچستان سے دہشت گردوں کا قلع قمع کریں گے۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے اپنے بیان میں کہا کہ دھماکے کی نوعیت اور نقصانات کا تعین کیا جارہا ہے، پولیس اور سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ چکے ہیں جبکہ واقعے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع سے شواہد اکٹھےکر رہا ہے، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

گورنر پنجاب سلیم حیدر نے بھی کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے پر اظہار مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے دھرتی کا ناسور ہیں، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم یکسو ہے۔