لاہور(نیوز ڈیسک)وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں افکار اقبال پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ کے نظریات ترقی اور خوشحالی کی راہ دکھاتے ہیں۔ ان کے فلسفے اور شاعری کو وسطی ایشیاء میں بھی پڑھا جاتا ہے، اور پوری مسلم امہ کو اقبال کے پیغام خودی پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں نفرتیں پھیلانا ایک منصوبہ بندی کا حصہ تھا، جس کا مقصد قوم کو تقسیم کرنا تھا۔ ہماری ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ قوم کو متحد رکھا جائے اور عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جائے۔
تارڑ نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو سیاست سے بالاتر قرار دیتے ہوئے زیک گولڈ اسمتھ کے فلسطین سے متعلق بیان پر مذمت نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بہتری آ رہی ہے، جس کے نتیجے میں عالمی تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آ رہی ہے، ترسیلات زر میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ سعودی عرب، قطر اور آذربائیجان جیسے دوست ممالک کی جانب سے سرمایہ کاری ہو رہی ہے، جو کہ 6 ارب ڈالر سے تجاوز کرچکی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت قرض کے بجائے سرمایہ کاری کو فروغ دے رہی ہے، جس سے مہنگائی میں کمی اور معاشی استحکام آ رہا ہے۔
انہوں نے خیبر پختونخوا کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہاں کے عوام کو صحت اور تعلیم جیسے اہم مسائل کا سامنا ہے۔ خیبر پختونخوا میں نہ مہنگائی میں کمی آئی ہے اور نہ ہی عوامی سہولتوں میں بہتری دیکھنے کو ملی ہے، جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت کو عوامی مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت بانی پارٹی کے لیڈر کو این آر او دلوانے کے لیے ناکام جلسے منعقد کر رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایس سی او جیسے اہم بین الاقوامی فورمز کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران جب بارہ ممالک کے وزرائے اعظم پاکستان آ رہے تھے، پی ٹی آئی نے احتجاج کا راستہ اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم پر وکلاء متحد ہیں اور یہ ان کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے اب پورا کیا جا رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کے چین کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور سی پیک منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس کے علاوہ، پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی بھرپور کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں، اور ان کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی کے “ایبسلوٹلی ناٹ” بیان کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ یہ بیان کیوں اور کس کے لیے دیا گیا تھا۔ عطاء اللہ تارڑ نے زور دیا کہ کرکٹ کو سیاست سے پاک رکھنا چاہیے اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان کا حق ہے، جو پاکستان میں ہی منعقد ہوگی۔
اختتام پر وزیر اطلاعات نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت یابی کے لیے دعا کی اور خوشی کا اظہار کیا کہ مشہور سعودی کمپنی “سب وے” پاکستان میں اپنی برانچیں کھول کر سرمایہ کاری کر رہی ہے، جس سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور ملک کو امن کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔