اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ڈپلومیٹک انکلیو میں ’’کیس کیڈ‘‘پولیس خدمت مرکز کا دورہ کیا جہاں انہوں ںے سفارت کاروں اور غیر ملکی شہریوں کے لیے جدید سہولتوں سے آراستہ خدمت مرکز کے قیام کی تعریف کی۔
تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے پولیس خدمت مرکز کے قیام کے لیے وزیر داخلہ محسن نقوی کے اقدام کو سراہا اور کہا کہ سفارتی برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے، اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اور دور حاضر کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے کیس کیڈ خدمت مرکز کا قیام لائق تحسین ہے۔
آئی جی اسلام آباد پولیس نے وزیراعظم کو سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ خدمت مرکز میں سفارتی برادری اور غیر ملکی شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء و تجدید، کریکٹر سرٹیفکیٹ ، جنرل پولیس ویریفکیشن، گمشدگی رپورٹ ، کرایہ داروں کی رجسٹریشن، فارنرز رجسٹریشن، گھریلو ملازمین کی رجسٹریشن، والنٹئیرز رجسٹریشن، گاڑیوں کی ویریفکیشن اورایف آئی آر کی کاپی کے حصول جیسی خدمات مہیا کی جائیں گی۔