اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو سموگ کے اثرات کو کم کرنے کےلیے تکنیکی مدد دینے کی پیشکش کی ہے۔ یہ پیشکش متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر حماد عبید ابراہیم سلام الذہبی نے دی نیوز اور جنگ سے گفتگو کے دوران کی۔
انہوں نے پاکستان بالخصوص پنجاب میں میں وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی اسموگ پر مایسی کا اظہار کرتے ہوئے یاد دلایا کہ نگران حکومت کے دوران ان کی حکومت نے اس حوالے سے پاکستان کی مدد کی تھی۔ متحدہ عرب امارات نے اس وقت خصوصی طیارے بھجوائے تھے جو کہ کلاؤڈ سیڈینگ کرتے ہیں اور اس سے کچھ علاقوں میں مصنوعی بارش کرائی گئی تھی جس سے برادر ملک کے کچھ شہریوں کو سکون ملا تھا۔
سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الذہبی ہمیشہ سے اپنے میزبان ملک کے عوام کی بہتری کے منصوبوں کےلیے سامنے آتے ہیں انہوں نے پاکستانی انتظامیہ سے متعلق اپنے اطمینان کا اظہار کیا جو کہ صورتحال کی روک تھام کےلیے موزوں اقدامات کر رہی ہے۔
متحدہ عرب امارات کے عہدیدار نے کہا کہ وہ میزبان ملک کی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ سموگ کے حوالے سے صورتحال کی تلافی کےلیے مزید اقدامات کرے گی۔