وزیراعظم شہبازشریف، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے۔
انہوں نے 6 خارجیوں کو ہلاک اور 6 کو گرفتار کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردی اور انتشار پھیلانے والوں کے خاتمے کے لیے قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری
صدر آصف علی زرداری نے شمالی وزیرستان میں خوارج کے خلاف آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کامیاب کارروائی میں 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل اور 6 کو زخمی کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
صدرِ مملکت نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ 6 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سیکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ قوم کو بہادر سیکیورٹی فورسز پر ناز ہے، دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے۔ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 6 خوارج ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے اسپن وام میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا تھا۔