بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عوام ماسک پہنیں اورگھروں سے غیرضروری باہر نہ نکلیں ،مریم اورنگزیب

لاہور (نیوز ڈیسک)پنجاب میں فضائی آلودگی کی سنگین صورتحال کے پیش نظر حکومت نے اینٹی سموگ ایکشن پلان کے تحت سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں کاروباری سرگرمیوں اور آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ماحولیاتی قانون کی دفعہ 6 (1)(ٹی) کے تحت لگائی جانے والی ان پابندیوں کا مقصد بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنا ہے، جو کہ 500 کی حد عبور کر چکی ہے اور انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے۔

پنجاب حکومت کے جاری کردہ احکامات کے مطابق میڈیکل اسٹور، بیکریاں، تندور، پٹرول پمپ، کریانہ اسٹورز، اور سبزی و گوشت کی دکانیں پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی۔ اسی طرح، یوٹیلیٹی سروسز بشمول بجلی، گیس، انٹرنیٹ، اور فون خدمات پر پابندیوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔ مزید یہ کہ نماز، مذہبی اجتماعات، نماز جنازہ اور تدفین سے متعلق سرگرمیوں کو بھی پابندیوں سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔ حکومتی احکامات کے مطابق، مقامی ڈپٹی کمشنر کو اختیار ہوگا کہ وہ ضرورت کے مطابق کسی سرگرمی پر عائد پابندی کو ختم کر سکیں۔

ملتان 906 کے ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے ساتھ سب سے زیادہ آلودہ شہر قرار پایا ہے جبکہ روجھان 812 اور لاہور 653 کے اسکور کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ پنڈی بھٹیاں، منگلا اور راولپنڈی بھی خطرناک سطح پر آلودہ فضا کا سامنا کر رہے ہیں۔ سموگ کا ایک بڑا سبب بھارت میں فصلوں کی باقیات کو جلانا بتایا جا رہا ہے، جہاں پیدا ہونے والا دھواں پاکستانی علاقوں تک پہنچ رہا ہے۔ سیٹلائٹ نقشوں کے مطابق، بھارت میں فصل جلانے سے اٹھنے والے دھوئیں کی مقدار بہت زیادہ ہے جبکہ پاکستان میں یہ عمل نہ ہونے کے برابر ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے چلنے والی ہوائیں، خاص طور پر امرتسر سے آنے والی تیز ہوائیں، پاکستانی علاقوں میں سموگ کا باعث بن رہی ہیں۔ امرتسر سے لاہور کا فضائی فاصلہ صرف 45 کلومیٹر ہے، جس کی وجہ سے بھارتی آلودگی پاکستان تک بآسانی پہنچ رہی ہے۔ موسمیاتی ماہرین کے مطابق، 14 نومبر کو ان آلودہ زہریلی ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کا امکان ہے، جس سے سموگ کی شدت میں کمی کی توقع کی جا رہی ہے۔

سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ماسک پہنیں، غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، اور اپنی صحت کا خصوصی خیال رکھیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام کی صحت کے لیے ان اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان پابندیوں کا مقصد شہریوں کو فضائی آلودگی کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا ہے۔