بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم محمد شہباز شریف عرب اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد ریاض سے باکو کے لئے روانہ

ریاض(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عرب-اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے باکو کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ ریاض کے انٹرنیشنل رائل ٹرمینل پر پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی، سعودی عرب میں پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے تین روزہ دورہ آذربائیجان کے دوران عالمی ماحولیاتی چیلنجز پر گفتگو کریں گے۔ وہ باکو میں ہونے والے COP-29 کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے جہاں دنیا بھر کے رہنما ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

اس اجلاس میں وزیرِاعظم پاکستان عالمی رہنماؤں سے خطاب کریں گے اور پاکستان کو درپیش موسمیاتی خطرات کو اجاگر کریں گے۔ وزیرِاعظم کاپ-29 کے دوران کلائیمیٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی بھی کریں گے، جس میں متعدد عالمی رہنما شریک ہوں گے۔

وزیراعظم کا یہ دورہ آذربائیجان میں گلیشیئرز کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح کی تقریب “گلیشیئرز 2025: گلیشیئرز کے لیے اقدامات” میں شرکت کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی زیرِ اہتمام “Delivering Early Warning for All and Addressing Extreme Heat” کی تقریب میں بھی شامل ہوں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی اس عالمی فورم پر موجودگی اہم ہے کیونکہ وہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کی مشکلات اور عالمی درجہ حرارت میں اضافے سے بچاؤ کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔