بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لبنانی صحافی سُقینہ منصور کوثرانی جون گاؤں پر اسرائیلی حملے میں ہلاک

بیروت(انٹرنیشنل ڈیسک)لبنانی صحافی سُقینہ منصور کوثرانی جنوبی لبنان میں صیدا کے قریبی گاؤں جون میں تین منزلہ رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے دو بچوں اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ ہلاک ہو گئیں۔

ریڈیو النور کے لیے نامہ نگار کے طور پر کام کرنے والی کوثرانی کی ہلاکت کی اطلاع اسی ریڈیو سٹیشن نے بدھ کو دی۔ یہ ریڈیو سٹیشن حزب اللہ کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔

فضائی حملے میں منگل کو نشانہ بننے والی اس عمارت میں بے گھر خاندان رہائش پذیر تھے۔

لبنانی پریس ایڈیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر جوزف قوسیفی نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک “جرم” قرار دیا اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں، بین الاقوامی فوجداری عدالت، جنرل فیڈریشن آف عرب جرنلسٹس اور یونیسکو سے اس کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی۔

سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی کے ایک بیان میں انہوں نے کہا: “اسرائیلی دشمن اپنی بمباری میں عام شہریوں اور مزاحمت کاروں میں کوئی فرق نہیں کرتا، ہر قانون اور منشور کی خلاف ورزی کرتا اور صرف آگ اور خون کی زبان بولتا ہے۔”

مبینہ طور پر غصن خاندان کی ملکیتی عمارت اس حملے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی جس میں وزارت صحت کے مطابق آٹھ خواتین اور چار بچوں سمیت 15 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہو گئے۔ برازیلی نژاد فرانسیسی لبنانی تاجر اور گاڑیاں بنانے والے ایک ادارے کے سابق سربراہ کارلوس غصن کے رشتہ دار اس عمارت میں رہائش پذیر تھے۔

لبنانی پریس ایڈیٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق خاتون صحافی کوثرانی کے جاں بحق ہونے سے اسرائیل-حماس تنازع کے آغاز سے اب تک ہلاک شدہ لبنانی صحافیوں اور میڈیا کارکنان کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔