بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیل فورسز کی مسلسل پانچویں روز لبنان کے دارالحکومت پر بمباری، 59 افراد شہید

اسرائیلی فورسز کی جانب مسلسل پانچویں روز لبنان کے درالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں دحیہ، ہارت ہریک اور شياح کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں رضاکاروں سمیت 59 افراد شہید اور 182 زخمی ہو گئے۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لبنان کے جنوبی صوبے نبطیہ میں اسرائیلی ڈرون حملے میں مزید 2 طبی معاونین جبکہ سول ڈیفنس سینٹر پر فضائی حملے میں کم از کم 12 رضاکار شہید ہوچکے ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حملوں میں 59 افراد شہید جبکہ 182 زخمی ہوئے ہیں۔
لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ بیروت کےجنوبی علاقوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں دو مزید طبی معاونین شہید ہوچکے ہیں جبکہ اس سے قبل ایک اسرائیلی ڈرون کے لبنان کے صوبے نبطیہ میں کام کے دوران ایک سول ڈیفنس ٹیم کو نشانہ بنانے کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا تھا۔
لبنان کی وزرات صحت کے حالیہ بیان کے مطابق حملے میں کم از کم ایک طبی معاون شہید جبکہ دیگر 4 زخمی اور 2 لاپتا ہوگئے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا کہ جنوبی لبنان کے ساحلی شہر ٹائر میں صبح کے وقت ایک الگ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں ایک اور طبی معاون کو شہید کیا گیا، مقتول کو اسرائیلی فورسز نے اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک زخمی شخص کو نکالنے کے لیے ریسکیو کام میں مصروف تھے۔
مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وزارت صحت ایک بیان جاری کیا جس میں ریسکیو کے دوران طبی عملے پر وحشیانہ حملوں کی مذمت کی گئی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ حملے بہیمانہ تشدد کی ناقابل تسخیر مثال ہیں، جو جنگ اور تنازعات کے دوران پہلے سے ہی غیر موجود انسانی اقدار کی مزید نفی کرتے ہیں۔’
لبنان کی سرکاری خبر رساں ادارے ’نیشنل نیوز ایجنسی‘ کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون نے ٹائر شہر کے شمالی داخلی راستے پر ایک گاڑی اور موٹرسائیکل کو نشانہ بنایا ہے، ایجنسی نے مزید تفصیلات کے بغیر حملے میں لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی۔
این این اے کے مطابق اسرائیل کی جانب سے کیے گئے نئے حملوں میں بیروت کے شمالی علاقوں جس میں جاموس اور خیام شامل ہیں ان کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کے علاوہ صہیونی فورسز نے دوپہر کے وقت لبنانی دارلحکومت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کو ایک نئے فضائی حملے میں نشانہ بنایا۔
فوٹیج میں مضافاتی علاقے کے اوپر دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ سرکاری نیشنل نیوز ایجنسی نے اسرائیلی طیاروں کا چیہ کے علاقے میں فضائی حملہ کے حوالے سے رپورٹ کیا۔
اسرائیلی فضائیہ جنوبی بیروت پر مستقل حملوں میں حزب اللہ کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کررہی ہے۔
لبنان میں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں کم از کم 3 ہزار 445 افراد شہید اور 14 ہزار 599 زخمی ہوچکے ہیں۔