پاکستانی ورسٹائل اداکار حمزہ علی عباسی نے اپنی تمام ماضی کی کوتاہیوں کا ازالہ کردیا۔
بلاشبہ مختصر سے عرصے میں ہی دلکش شخصیت، جاندار اداکاری، اور غیر معمولی ایکسپریشنز سے حمزہ نے خود کو انڈسٹری کے سب سے باصلاحیت اداکاروں میں شامل کر لیا ہے۔
اپنی بھرپور اداکاری اور کرداروں کی گہرائی کی بدولت، حمزہ نے ہمیشہ ثابت کیا ہے کہ وہ صرف خوبصورت چہرہ نہیں بلکہ ایک باصلاحیت اداکار ہیں جو ہر کردار میں حقیقت کے تاثرات ڈال سکتے ہیں۔
حمزہ کے ڈراموں کی فہرست نہ صرف مقبول رہی ہے بلکہ تنقیدی پذیرائی بھی حاصل کرتی رہی ہے۔ ان کے قابل ذکر پراجیکٹس میں ’من مائل‘، ’پیارے افضل‘، ’جانِ جہاں‘، اور’الف’ شامل ہیں۔
اور یہ بات بھی سبہی جانتے ہیں کہ حمزہ علی عباسی سوشل میڈیا پر بھی ایک بڑی فین فالوونگ رکھتے ہیں۔
حال ہی میں حمزہ علی عباسی نے نجی ویب کو انٹرویو دیا جہاں انہوں نے اپنی شادی ، قبول اسلام اور ماضی کے بارے میں سب کچھ کھول کر رکھ دیا۔
شادی کے بارے میں گفتگو:
دوران انٹرویو اداکار حمزہ نے بتایا،’میری زندگی میں کچھ ایسے واقعات اور اہم موڑ آئے جنہوں نے مجھے اس مقام تک پہنچایا۔ ایک عمل کرنے والے مسلمان کے طور پر میری زندگی تقریباً سیٹ ہو چکی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ،’میں 80 فیصد اسلام پر عمل پیرا تھا لیکن جب میں جاوید غامدی سے ملا تو مجھے حقیقت کا علم ہوا پھر میں نے اسلام کے خلاف تمام بری عادتیں چھوڑ دی تھیں۔’
حمزہ کا کہنا تھا کہ،’ 2018 تک، میں مکمل طور پر ایک عمل کرنے والا مسلمان بن چکا تھا، اور اس کے ساتھ کچھ غیر سمجھوتہ پذیر اصول بھی تھے تو میں نے دعا کی کہ یا تو میری زندگی نیک ہو جائے یا اللہ مجھے ایک نیک ساتھی عطا فرمائے۔’
ماضی کے رویے اور معافی:
من مائل کے اداکار نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے مزید بتایا کہ،’میں نے بہت سے لوگوں کے دل توڑے لیکن بعد میں، میں نے ان تمام غلطیوں کی معافی مانگی جو میں نے جان بوجھ کر یا نادانستہ طور پرکیں۔ ’
حمزیہ نے اسی انٹرویو میں مزید کہا کہ،’اگر میں نے کسی سے معافی نہیں مانگی تو میں ابھی معافی مانگتا ہوں کیونکہ پہلے میری زندگی بالکل مختلف تھی، میں ایک مغرور شخص تھا اور کافی تکبر رکھتا تھا۔’
نمل کے ساتھ محبت اور شادی:
اپنی ازدواجی زندگی پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید بتایا کہ،’میں نمل کے ساتھ محبت میں مبتلا ہو گیا اور اللہ نے مجھے ایک خوبصورت ساتھی سے نوازا۔ اللہ نے میری دعائیں قبول کیں۔’
انہوں نے بتایا کہ،’ جب میں نمل سے محبت میں مبتلا ہوا تو یہ میرے اختیار میں نہیں تھا۔ ہم نے شادی کی۔ یہ اللہ ہی تھا جس نے اسے ممکن بنایا کیونکہ میں تو اتنا قابل اور بالغ نہیں تھا۔’
یاد رہے کہ ماضی کی کہانی شیئر کرتے ہوئے ایک موقع پر اداکار نے بتایا تھا کہ وہ 14 سال کی عمر میں لا دین ہوچکے تھے تاہم اب وہ اپنی پوری زندگی صرف دین کی باتیں کرتے ہوئے گزارنا چاہتے ہیں۔
جبکہ اداکارہ نیمل خاور اور حمزہ علی عباسی نے سال 2019 میں شادی کی تھی جن سے انکا ایک بیٹا محمد مصطفیٰ عباسی ہے۔








