اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے پی ٹی آئی کے رہنما ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے الیکشن ٹربیونل میں دی گئی درخواست میں سماعت ملتوی کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ آج ان کے وکلاء مکمل تیاری اور تمام دستاویزات کے ساتھ الیکشن ٹربیونل میں پیش ہوئے، لیکن مخالف پارٹی کے پاس کوئی شواہد یا ثبوت موجود نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ظہیر عباس کھوکھر عدالت سے فرار چاہتے ہیں، اسی لیے انہوں نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔
وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ اگر ظہیر عباس کھوکھر کے پاس ثبوت موجود تھے تو سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کیوں کی؟ انہوں نے مزید کہا کہ ظہیر عباس نے ان کی کامیابی کو چیلنج کیا ہے تو اب اس کا سامنا کیوں نہیں کر پا رہے۔
عطاءاللہ تارڑ نے مخالف پارٹی پر الیکشن ٹربیونل کا وقت ضائع کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اگر ان کے پاس شواہد نہیں ہیں تو عدالت کو بتائیں کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “پہلے کیس کرو، پھر عدالت سے بھاگو، یہ ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔”








