اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) یورپی یونین کے صدر نے وزیراعظم عمران خان سے روس یوکرین تنازع میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی درخواست کردی۔ذرائع وزیراعظم ہاو¿س کے مطابق عمران خان اور یورپی یونین کے صدر کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ ٹیلیفونک رابطے کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ دونوں رہنماو¿ں کے مابین روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازع سے متعلق گفتگو ہوئی۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ آج میری یورپی یونین کونسل کے صدر سے یوکرین کی صورتحال پربات ہوئی، یورپی یونین کے صدر سے جاری فوجی تنازع پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے یوکرین مسئلے کے ترقی پذیر ملکوں پر منفی اقتصادی اثرات کو اجاگر کیا۔ عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ فوری جنگ بندی اور تناو¿ کی صورتحال میں کمی کی ضرورت پر زور دیا، میں نے مسئلے کو بات چیت اورسفارت کاری کے ذریعے حل کرنے اور انسانی بنیادوں پر ریلیف فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔خیال رہے کہ گزشتہ روز میلسی میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ آج تک عمران خان کسی کے سامنے جھکا ہے اور جب تک زندہ ہوں میں اپنی قوم کو جھکنے نہیں دوں گا، یورپی یونین کے سفیر نے پاکستان کو خط لکھا کہ روس کیخلاف بیان اور ووٹ دیں، یورپی یونین کے سفیر سے پوچھتا ہوں کیا آپ نے بھارت کو بھی یہ خط لکھا تھا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے قربانی دی، ملک کو 100ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، پاکستان کو کیا ملا، یورپی یونین سے پوچھتا ہوں کیا آپ نے ہمارا شکریہ ادا کیا؟، نیٹو کے 10فیصد لوگ بھی اس جنگ میں نہیں مرے، انہوں نے افغانستان میں جنگ ہارنے کے بعد پاکستان کو ذمہ دار قرار دیا، ہم کیا آپ کے غلام ہیں جو آپ کہو گے ہم کریں۔