اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا امریکہ کے ساتھ کیا گیا لابنگ معاہدہ شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔ اس معاہدے کے انکشافات نے ملکی قوانین، قومی خودمختاری اور بین الاقوامی تعلقات پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 2 اگست 2022 کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے مطابق کسی بھی پاکستانی سیاسی جماعت کا بیرون ملک رجسٹرڈ ہونا اور وہاں فنڈز اکٹھا کرنا غیر قانونی ہے۔ پی ٹی آئی کے امریکہ میں لابنگ معاہدے نے اس قانونی فیصلے کو مزید تقویت دی ہے۔
معاہدے کی دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس میں پاکستان میں امریکی مفادات کو فروغ دینے اور چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا مقابلہ کرنے کی شقیں شامل ہیں۔ ان شقوں کو نہ صرف متنازع قرار دیا جا رہا ہے بلکہ یہ ملکی سالمیت کے لیے خطرہ بھی تصور کی جا رہی ہیں۔
پی ٹی آئی کے سابق رہنما اکبر ایس بابر نے اس معاہدے کو “غیر قانونی اور ملک دشمن” قرار دیتے ہوئے قومی سلامتی کے اداروں اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کریں۔
قومی سلامتی اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے اس معاہدے کی تحقیقات اور ضروری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے۔ یہ انکشافات پاکستان کے سیاسی نظام اور خارجہ پالیسی پر گہرے اثرات ڈال سکتے ہیں۔








