بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بچوں کی تعلیم اہم ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا،مریم اورنگزیب

لاہور(نیوز ڈیسک) مشرقی ہواؤں کے رخ اور رفتار میں تبدیلی کے باعث پنجاب میں سموگ کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا پنجاب کے تمام اضلاع میں کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، سکول صبح پونے 9 بجے سے پہلے نہیں کھلیں گے۔ تمام طلبہ، اساتذہ، اور عملے کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ آؤٹ ڈور سپورٹس اور دیگر غیر نصابی سرگرمیوں پر پابندی برقرار رہے گی۔ ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے جماعتوں کے لحاظ سے چھٹی کے اوقات الگ الگ مقرر کیے گئے ہیں۔

ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عمران حامد شیخ کے دستخطوں سے جاری نوٹیفکیشن میں سکول انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کے مطابق، بالائی علاقوں میں بارش سے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں فضا کے معیار میں بہتری آئی ہے۔ سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ بچوں کی تعلیم اہم ہے لیکن ان کی صحت پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے حکومتی اقدامات میں تعاون پر عوام، ای پی اے، پولیس، اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کی کاوشوں کو سراہا۔