اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کے لئے 51ارب 60کروڑ روپے سے زائد رقم کی منظوری دے دی گئی ہے، اور یہ فنڈزبنیادی ہیلتھ کیئر اور انسانی وسائل مضبوط بنانے پر خرچ ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹوڈائریکٹر نے 25کروڑ 80 لاکھ ڈالر پاکستان کے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کیلئے منظور کر لیے ہیں ، امداد پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے دی گئی ہے ۔

کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں صحت کی سہولیات تک بہتر رسائی کیلئے اصلاحات کی جائیں گی، صوبائی ہیلتھ سسٹم کومضبوط بنانے میں بھی مدد دی جائے گی، جب کہ ہیلتھ کیئر کوریج، سٹاف اور دواؤں کی سپلائی بہتربنائی جائے گی۔
“نجی بن حسین “نے کہا کہ پاکستان صحت کے حوالے سے بالخصوص حمل اور بچے کی پیدائش کے دوران بچوں اور خواتین کے لیے بنیادی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کے لیے اصلاحات میں پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ پروگرام صوبائی صحت کے نظام کو مضبوط بنا کر، ملک کے انسانی سرمائے کی تعمیر اور اس کے شہریوں کے لیے صحت اور غذائیت کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔
کنٹری ہیڈ ورلڈ بینک نے بتایا کہ یہ پروگرام 3اہم شعبوں میں صحت کی دیکھ بھال میں اصلاحات پر توجہ مرکوز کرے گا۔ اس پروگرام کے تحت صوبائی بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے نظام میں بہتری کے ذریعے تمام طبقات کو فائدہ پہنچائے گا، خاص طور پر 20 کے قریب اضلاع میں جو صحت اور غذائیت کی خدمات تک کم سے کم رسائی کا شکار ہیں۔









