اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شوگر ملوں اور شوگر ڈیلرز کے حوالے سے اہم فیصلے کرتے ہوئے ایف بی آر، ایف آئی اے، اور آئی بی کو چینی کی فروخت پر ٹیکس چوری، غیر دستاویزی سیلز، اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے لیے مشترکہ کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت دی کہ شوگر سیکٹر میں سیلز ٹیکس چوری کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے اور شوگر کرشنگ سیزن کے آغاز پر شوگر ملوں اور ڈیلرز سے جی ایس ٹی کی 100 فیصد وصولی یقینی بنائی جائے۔ چینی کی ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے شوگر ملوں میں کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تاکہ پیداواری عمل اور ذخیرہ اندوزی پر مکمل نگرانی کی جا سکے۔
انہوں نے واضح ہدایات دیں کہ ٹیکس چوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث شوگر مل مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے شوگر سٹہ مافیا کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیا اور کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ اسٹیل، سگریٹ، سیمنٹ اور مشروبات سمیت دیگر شعبوں میں بھی اسی طرز پر اقدامات کیے جائیں تاکہ ٹیکس چوری اور غیر قانونی سرگرمیوں کی مکمل روک تھام ہو سکے۔









