بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

علی امین عمران خان کے سیاسی منصوبوں کا حصہ بن کر خود کش سیاست دان نہ بنیں،انجینئرامیرمقام

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے تحریک انصاف کی 24 نومبر کو احتجاجی کال پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کال ایک ناکام کوشش ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ علی امین کو وفاق پر حملے کی باتوں کے بجائے خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے علی امین کو تنبیہ کی کہ وہ عمران خان کے سیاسی منصوبوں کا حصہ بن کر خود کش سیاست دان نہ بنیں۔

وفاقی وزیر نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ انقلاب کے نام پر پارٹی اپنی بیوی اور بہن کو سونپ کر سیاسی عمل کی مخالفت کر رہے ہیں۔ عمران خان کی سیاست تضادات کا شکار ہے، اور ان کی کوششوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سیاست میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں اور ایسے اقدامات کے نتائج بھی ہمیشہ خطرناک ہوتے ہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ 2014 میں پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہوئی تھی، اور پی ٹی آئی بھی اس عمل کا حصہ تھی۔ علی امین کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایپکس کمیٹی سے پہلے وہ بڑی بڑی باتیں کر رہے تھے، لیکن اجلاس کے بعد سے خاموش ہیں۔ اب علی امین کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ آئین کا ساتھ دیتے ہیں یا ایک سیاسی دہشت گرد کا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے سیاسی مطالبات کے لیے سیاسی قوتوں سے بات نہ کر کے ثابت کیا ہے کہ انہیں نہ سیاسی فہم ہے اور نہ ہی سیاسی جدوجہد پر یقین۔ سیاست میں ہمیشہ لچک دکھانے کی روایت رہی ہے، لیکن عمران خان اپنی ضد کی سیاست میں کارکنوں اور عوام کو قربانی کا بکرا بنا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف کی 24 نومبر کی احتجاجی کال بھی ایک ناکام کوشش ثابت ہوگی۔ یہ کال فتنہ و فساد کی کوشش ہے جو عوام کے لیے باعث شرمندگی بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کو مہنگائی سے نجات دینے کی کوششوں کے خلاف سازش کر رہی ہے کیونکہ مہنگائی میں کمی اور معیشت کی بہتری پی ٹی آئی کو برداشت نہیں ہو رہی۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا کے سرکاری ملازمین کو وفاق اور پنجاب پر حملوں کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف احتجاج کی کال کو ایک ڈیل کے لیے دباؤ کے حربے کے طور پر استعمال کر رہی ہے، جبکہ اس کے لیڈر عوام کے سامنے بھڑکیں مار رہے ہیں اور اندرون خانہ معافیاں مانگ رہے ہیں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ وہ 24 نومبر کو ایک بار پھر اضلاع کی سیر نہ کریں۔