اسلام آباد (نیوز ڈیسک) 6سال کی قیدوبند، نظربندی کی اذیتوں کے بعد خالدہ ضیاء پہلی مرتبہ منظرعام پر آگئیں، دونوں سابق خاتون وزرائے اعظم کے شوہر مجیب الرحمٰن اور ضیاء الرحمٰن گولیوں کا نشانہ بنے .
معزول وزیراعظم حسینہ واجد کے طویل دور حکمرانی میں 6سال تک قید وبند کی صعوبتیں اور گھر میں نظربندی کی اذیتیں سہنے والی بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء جنہیں 2018 میں ان کی دیرینہ اور منتقم مزاج سیاسی حریف حسینہ واجد نے بدعنوانی کے الزام میں قید کیا تھا۔
وہ پہلی مرتبہ منظرعام پر اس وقت نظر آئیں جب انہوں نے جمعرات کو بنگلہ دیش کی مسلح افواج کی مناسبت سے ہونے والی تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کا استقبال عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے کیا۔
یاد رہے کہ خالدہ ضیا کو اس وقت کی وزیراعظم حسینہ واجد جو ان دنوں مفرور ہوکر بھارت میں پناہ گزین ہیں 2018 میں بدعنوانی کے الزام میں قید کیا گیا تھا لیکن اگست میں طلبہ انقلاب کے نتیجے میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے 15سالہ آمرانہ دور کے خاتمے کے کچھ گھنٹوں بعد ان کو رہا کردیا گیا تھا۔