اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جن ارکان نے استعفے دیئے ان میں شکوک و شبہات ہیں۔وہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز پیپس کے زیر اہتمام پارلیمانی رپورٹرز کے لیے بجٹ کی ٹیکنیکل رپورٹنگ سے متعلقہ منعقدہ ایک روزہ ورکشاپ میں صحافیوں سے کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔سپیکرنے کہاکہ کچھ ارکان نے رابطے کئے ہیں فی الحال میں منتظرہوں جب وقت ختم ہو گا تو فیصلہ کروں گا جس تاریخ سے استعفے آئے ان کی تنخواہ روک دی گئی، ہدایت کی ہے جنہوں نے استعفے دیئے ان کی تفصیلات دی جائیں۔ پرویز اشرف نے واضح کیا کہ استعفیٰ دینے کے کچھ قواعدو ضوابط ہیں کوئی ممبر استعفیٰ دیتا ہے تو میرا فرض ہے تعین کروں، بغیر کسی دباؤ کے دیا گیا جب تک یہ بات واضح نہ ہو استعفیٰ منظور نہیں کیا جا سکتا۔قبل ازیں اپنے خطاب میں پرویزاشرف نے کہاکہ بجٹ بل منظور کرنے کا اختیار صرف قومی اسمبلی کے پاس ہے، سینٹ آف پاکستان بجٹ کے عمل اپنی تجاویز فراہم کرتا ہے۔ بجٹ کے بارے میں درست معلومات کا عوام تک پہنچنا عوام کا حق ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ کی بہترین معلومات فراہم کرنے میں پارلیمنٹری رپورٹرز کا اہم کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک مشکل دور سے گزر رہا ایسے وقت میں ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کا صبر و تحمل کے ساتھ مقابلہ کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ اسکا مل جل کر حل نکالنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی مسائل کو حل کرنے میں میڈیا کو اہم کردار ادا کرنا ہے۔انہوں نے کہا اس میں مشکلات تو ا سکتی ہیں لیکن پاکستانی عوام زندہ قوم ہے جو ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پی ٹی آئی کے جن ارکان نے استعفے دیئے ان میں شکوک و شبہات ہیں، سپیکر








