نئی دہلی (ویب ڈیسک ) بھارتی مسلمان مودی کے عتاب کا شکار، مسجد کے سروے کی مخالفت پر 3 مسلمانوں کو شہید کردیا گیا۔
مودی نے بھارت میں ہمیشہ سےمسلمانوں کو نفرت اور انتہا پسندی کی بھینٹ چڑھایا ہے، بھارتی مسلمان اپنے مذہبی حقوق کے لیے عرصہ دراز سے جنگ لڑ رہے ہیں۔
حال ہی میں اُتر پردیش کے علاقے سنبھل میں مغلیہ دور کی شاہی جامع مسجد کے سروے کی مخالفت پر تین مسلمانوں کو شہید کر دیا گیا۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ تینوں مسلمان مزاحمت کے دوران پولیس کی فائرنگ سے مارے گئے، سروے کی مزاحمت کرنے والے نہتے مسلمانوں پر آنسوگیس کا استعمال کیا گیا اور گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بی جے پی کو واقعے کا ذمہ دار قرار دیا، اکھلیش یادیو کاکہنا ہے کہ مرکزی حکومت نے جان بوجھ کر تشدد کو ہوا دی، خطےکی جغرافیائی سیاست اب تبدیل ہو چکی ہے لیکن بھارت آج بھی مسلمانوں کیخلاف نفرت پر مبنی سیاست کا شکار ہے۔