اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہاہے کہ عمران خان اس وقت کنفیوزڈاور حواس باختہ ہیں،وہ پاک فوج سے دوبارہ رجوع کرنے کی کوشش کررہے ہیں،حکومتی اتحاد میں کوئی اختلاف نہیں ،مشاورت سے فیصلے ہو رہے ہیں، خواہش ہے کہ اگلاالیکشن مل کر لڑیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ عمران خان کے حالیہ بیانات سے ان کی ذہنی کیفیت پر شک ہوتا ہے،تاریخ کے سب سے بڑے مارچ کے دعوے ایسے شخص کے ہیں جو شکست خوردہ ہے،ان کے پلے کچھ بھی نہیں ہے،بنی گالہ میں بھی وہ ضمانت قبل از وقت گرفتاری کروا کرآئے ہیں،دراصل عمران خان اس وقت کنفیوزڈاور حواس باختہ ہیں، وہ پاک فوج سے دوبارہ رجوع کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔خواجہ آصف نے کہاکہ میرا نہیں خیال کہ عمران خان کو کوئی گرفتار کرے گا،میں خود سیاسی مخالفین کی گرفتاری کے حق میں نہیں ہوں ۔انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت میں استحکام آرہاہے، فیصلوں کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے، دوست ممالک کی جانب سے مثبت اشارے مل رہے ہیں،مشکل حالات میں آئندہ 20سے 25دنوں میں کمی آناشروع ہو جائے گی تاہم چار سال کا ملبہ آسانی سے صاف نہیں ہونا۔مشکل فیصلوں سے ہماری مقبولیت میں کمی آئی ہے تاہم یہ مقبولیت پھر بڑھ جائے گی۔وزیردفاع نے کہاکہ حکومتی اتحاد میں کوئی اختلاف نہیں ،مشاورت سے فیصلے ہورہے ہیں، میری خواہش ہے کہ اگلاالیکشن یہ اتحاد مل کر لڑے ،پی ڈی ایم کا اتحاد اگلے الیکشن میں بھی ایڈجسٹمنٹ کرے۔انہوں نے کہاکہ شیخ رشید22،23سال سے ڈیڈلائن دیتے آرہے ہیں ،ان کی 45دن کی ڈیڈلائن بھی ماضی کی طرح ہے ۔
عمران حواس باختہ ،فوج سے دوبارہ رجوع کرنےکی کوشش کررہے ہیں، خواجہ آصف








