بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 جنوبی کوریا کے صدر نے ہنگامی مارشل لا نافذ کردیا

جنوبی کوریا کے صدر یُون سک ییول نے منگل کو ملک میں ہنگامی مارشل لا نافذ کردیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ان کا کہنا ہے کہ ’یہ اقدام ملک کو ’کمیونسٹ فورسز‘ سے بچانے کے لیے کیا ہے۔ صدر یُون سک ییول نے یہ اعلان   قوم سے ٹیلی ویژن پر براہ راست خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ لبرل جنوبی کوریا کو شمالی کوریا کی کمیونسٹ فورسز سے بچانے اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے میں ملک میں ہنگامی مارشل لا کے نفاذ کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹی نے لوگوں کی روزی روٹی کی پروا کیے بغیر صرف مواخذے، خصوصی تحقیقات اور اپنے لیڈر کو انصاف سے بچانے کے لیے ملکی گورننس کو مفلوج کر دیا ہے۔
یہ حیران کن اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر یُون کی پیپلز پاور پارٹی اور اپوزیشن کی مرکزی جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے درمیان آئندہ سال کے بجٹ کے بل پر بحث جاری ہے۔
اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ نے گذشتہ ہفتے ایک پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے کم کیے گئے بجٹ کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔
اپنے خطاب میں صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’ہماری قومی اسمبلی مجرموں کی پناہ گاہ بن چکی ہے جو عدالتی اور انتظامی نظام کو مفلوج کرنے اور ہمارے لبرل جمہوری نظام کو اُلٹنا چاہتی ہے۔