اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)مریم نواز کا کہنا ہے کہ عوامی مسائل کا ادراک ہے 30جون تک تمام لوڈشیڈنگ ختم ہو جائے گی ،جون جولائی میں 5ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس وقت عوام کا درد رکھنے والا شخص وزیر اعظم ہے ، وزیر اعظم کو عوام کی تکالیف کا احساس ہے ،وزیراعظم دن رات معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ 2013میں 20سے 22گھنٹے کی لوڈشیڈنگ والا پاکستان ملا اور2018میں زیرولوڈشیڈنگ والا پاکستان عمران خان کو دیا اور صرف ساڑے 3سالوں میں عمران خان نے 5سے 10گھنٹے لوڈشیڈنگ والا پاکستان شہباز شریف کو دیا،عمران خان بنے بنائے بجلی پلانٹس کو نہیں چلا سکے ،نتقید اس پر ہونی چاہیے جو یہ تباہی لایا،مسائل کے حل کیلئے اقدامات کر رہے ہیں ۔نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)مریم نواز سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ کے دائیں بائیں وفاقی وزرا کھڑے ہیں ، یہ سرکاری خزانے سے تنخواہ لیتے ہیں ان کا کام عوام کی خدمت کرنا ہے لیکن یہ تو 3سے 4گھنٹے تو آپ کے ساتھ ہوتے ہیں تو عوامی خدمت کب کرتے ہیں ؟ مریم نواز نے جواب دیا کہ اگر آپ کو ان کے کام میں کوئی کوتاہی نظر آتی ہے تو بتائیں ،خدمت کی نیت سے آئے ہیں ،مریم نواز نے وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دیکھا ہے کہ یہ رات کے 2بجے تک آفس میں بیٹھ کر بجٹ پر کام کر رہی ہوتی ہیں ، جس پر صحافی نے سوال کو دوبارہ واضح کیا کہ جب ہم سادگی اور کفایت شعاری کی بات کرتی ہیں تو آپ کو نہیں لگتا کہ پارلیمنٹ اراکین کو اس وقت پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے آپ کے اردگرد 8پارلیمانی اراکین موجود ہیں جن کوتنخواہ سرکاری خزانے سے ملتی ہے ۔ جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ وہ اس پارٹی کی رکن بھی ہیں اور سیاسی سرگرمی ہمارا حق ہے وہ جس کے پاس جائیں نہ جائیں ان کی مرضی ہے ۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ریٹائرڈ فوجی افسران کو سیاست کا شوق ہے تو اپنے تمغے اور رینک ادارے کو واپس دیں اس کے بعد جا کر کسی سیاسی جماعت کو سپورٹ کریں یااس میں شمولیت اختیار کرلیں ۔اسلام آباد میں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ایک ریٹائرڈ فوجی افسر سے سوال پوچھا گیا جس پر وہ جواب دیے بغیر بھاگ گئے ، وہ مناظر دیکھ کر بہت تکلیف ہوئی ، یہ نہایت افسوسناک بات ہے کہ جس ادارے نے انہیں عزت دی ، یہ جگہ اور مقام دیا وہ اسی ادارے کو عمران خان کے کہنے پر برا بھلا کرکہیں ۔ مریم نواز نے کہا کہ انہیں اتنا شوق ہے سیاست کا تو اپنے تمغے اور ٹائٹل جو یہ نام کے ساتھ ریٹائرڈ عہدے لگاتے ہیں ، وہ ادارے کو واپس دیں پھر اس کے بعد یہ سیاسی جماعت کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں یا اسے جوائن کر لیں ۔
30جون تک 5ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو جائیگی،مریم نواز








