کرم(نیوز ڈیسک)خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کی تحصیل لوئر کرم کے علاقے بگن میں پولیس کے مطابق ہفتے کو ایف سی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں چھ سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔
لوئر کرم کے احمدی شمع پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او سلیم شاہ نےبرطانوی خبررساں ادارے کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کی، جس سے چھ اہلکار جان سے چلے گئے۔
انہوں نے بتایا: ’ایف سی 154 ونگ کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا اور زخمی اہلکاروں کو ٹل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔‘
ضلع کرم کی سرحد افغانستان کے تین اطراف سے افغانستان سے ملتی ہے، جس میں ایک پکتیا، دوسری خوست اور تیسری صوبہ ننگرہار (تورا بوراکے مقام پر) ہے، جبکہ خرلاچی بارڈر کرم میں افغانستان کے ساتھ اہم تجارتی مرکز ہے۔
اسی علاقے میں 21 نومبر کو پاڑہ چنار جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا تھا، جس میں 42 افراد جان سے چلے گئے تھے۔
اس حملے کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے لوئر کرم کے مرکزی بازار بگن میں املاک اور قریبی گھروں کو جلایا گیا تھا جبکہ ضلع بھر میں فریقین کے مابین جھڑپیں شروع ہو گئی تھیں۔
جھڑپوں کے نتیجے میں کم از کم 133 افراد جان سے گئے اور 150 سے زائد زخمی ہوئے، تاہم گذشتہ چار دنوں سے فریقین کے مابین فائر بندی کی گئی ہے۔
پشتون قومی جرگے کے عمائدین گذشتہ چار دنوں سے کرم میں موجود ہیں اور فریقین کے مابین صلح کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ سرکاری جرگہ بھی گذشتہ روز کوہاٹ میں تھا، جس نے علاقہ عمائدین سے ملاقاتیں کی تھی۔








