راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت 25 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما شبلی فراز، شہریار آفریدی، زین قریشی، کنول شوزب، طاہر صادق، تیمور مسعود ملک اور دیگر کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔
عدالت کی جانب سے سی پی او راولپنڈی کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملزمان کو گرفتار کرکے 10 دسمبر کو پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے 5 دسمبر کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں عمران خان سمیت 100 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی، جس کے بعد عمر ایوب اور راجہ بشارت کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
تاہم اگلے روز انسداد دہشتگردی عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت کے باوجود گرفتاری کیوں عمل میں لائی گئی۔
جی ایچ کیو حملہ کیس، علی امین گنڈاپور سمیت 25 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری








