ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین و سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ہندوستان میں بی جے پی سرکار کے ترجمان کی جانب سے سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے نیشنل کونسل کے اجلاس میں بھارتی جنتا پارٹی کے دو ملعون رہنماؤں کی جانب سے نبی کریمؐکی شان میں گستاخی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے، حکومت وقت کی پر اسرار اور مصلحت انگیز خاموشی کو انتہائی قابلِ افسوس قرار دیا ہے، بی جے پی سرکار کے دو انتہائی اہم عہدیداروں ملعون نوپور شرما اور ملعون نوین کمار کی جانب سے شانِ رسولؐ میں گستاخی کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید اضطراب اور غم و غصہ پایا جاتا ہے۔بھارت کی ہندتوا سرکار نے سیکولر ہندوستان کے نظریے کو دفن کر دیا ہے، آج سرورکونین صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی کے خلاف پوری دنیا کے مسلمان سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے کہاکہ شان رسول صل اللہ علیہ والہ وسلم میں گستاخی کے خلاف آج مشرق وسطیٰ، سعودی عرب، قطر، کویت، یو اے ای، ایران اور عمان سمیت کئی مسلم ممالک میں بھارتی سفیروں کو طلب کرکے بی جی پی کے عہدیداروں کے بیان کی مذمت کی جا رہی ہے اور بھارت سرکار سے وضاحت طلب کی جا رہی ہے اور بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جا رہا ہے، آج دنیا بھر کے مسلمان، تحفظ ناموسرسالت کے حوالے سے جناب عمران خان صاحب کی طرف سے عالمی فورمز پر بیان کردہ دو ٹوک موقف کو یاد کر رہے ہیں۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ افسوس ہے کہ ہمارے وزیر خارجہ اس امت مسلمہ کی دل آزاری پر بھی مکمل طور پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، شہباز شریف نے بھی امت مسلمہ کی اس دل شکنی اور سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں گستاخی جیسے المناک واقعہ پر محض ایک ٹویٹ سے زیادہ کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہاکہ ہندوستان یہ مت بھولے کہ ہمیں اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت اور ناموس اپنی جانوں سے کہیں زیادہ عزیز ہے۔انہو ں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف، عمران خان کی قیادت میں تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے معاملے پر امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے بھرپور آواز بلند کرتی رہے گی۔
بی جے پی ترجمان کے گستاخانہ بیان پرہمارے وزیر خارجہ خاموش،وزیراعظم نے ٹویٹ سے زیادہ کچھ نہ کیا،شاہ محمود








