ایف بی آرنے کراچی میں 15دسمبر سے فیس لیس کسٹمزاسسمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔
ترجمان ایف بی آر کے مطابق سسٹم ٹرانسفارمیشن پلان کا اہم حصہ ہے، وزیرِاعظم ٹرانسفارمیشن پلان کی منظوری پہلے ہی دے چکے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق سینٹرل اپریزنگ یونٹ ساوتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل میں قائم کیا گیا ، شہر میں رات 12 بجے تمام امپورٹ گڈز ڈیکلریشنز کو سینٹرل اپریزنگ یونٹ کے سپرد کیا جائے گا۔
ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ نئے نظام سے کلیئرنس میں کم وقت لگنے سے تجارت میں سہولت میسر آئے گی، اس کے نفاذ سے کسٹمز کے نظام میں نمایاں تبدیلی بھی متوقع ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مطابق نئے سسٹم سے اسسمنٹس میں بہتری ، شفافیت لائی جا سکے گی، نظام کو جلد ملک کے دیگر پورٹس اور سرحدی اسٹیشنز پر بھی نافذ کیا جائے گا۔
ترجمان ایف بی آر نے مزید بتایا کہ نئے نظام میں کسٹمز کے اپریزمنٹ کے کام کو کسٹمز کلکٹریٹس سے باہر منتقل کیا جائے گا۔
ایف بی آر کے مطابق اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں، 55 افسران پہلے ہی سینٹرل اپریزنگ یونٹ میں تعینات کر دیئے گئے ہیں
ترجمان کا کہنا تھا کہ کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس کے لیے پوائنٹ اسکورنگ سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، درست ڈیکلریشن جمع کرانے والے کسٹمز ایجنٹس زیادہ پوائنٹس حاصل کرسکیں گے۔
بورڈ آف ریونیو کے مطابق جو ایجنٹس اپنی ڈیکلریشنز میں بہتری نہ دکھا سکے ان کے پوائنٹس کم ہو جائیں گے، کارکردگی نہ دکھانے والے ایجنٹ کا لائسنس منسوخ کیا جا سکتا ہے۔
ایف بی آر کا کراچی میں 15دسمبر سے نیا نظام نافذ کرنے کا اعلان








