جاپان میں کام کی مصروفیات کے باعث نیند کی کمی ایک عام مسئلہ ہے۔ملک میں عام اسی مسئلے کو مدِنظر رکھتے ہوئے ٹوکیو میں گہری نیند سونے کے ایک مقابلے کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے سب سے پہلے اور گہری نیند سونے کی کوشش کی۔
ٹوکیو میں ہونے والے اس دلچسپ اور منفرد مقابلے کو ’میٹ ریس‘ کا نام دیا گیا، جس میں درجنوں شرکاء نیند مانیٹر کرنے والے آلات لگا کر آرام دہ گدوں پر لیٹ کر زیادہ سے زیادہ 90 منٹ تک سوئے۔
اس مقابلے میں 2 ملین ین سے زائد یعنی تقریباً 14 ہزار ڈالرز کا انعام رکھا گیا تھا۔مقابلے کے دوران شرکاء کے سروں پر نیند کی نگرانی کرنے والے آلات نصب تھے، جبکہ بعض افراد اپنے ساتھ نرم کھلونے بھی لے کر بستر پر لیٹے۔
فاتح کا انتخاب اس بنیاد پر کیا گیا کہ وہ کتنی جلدی سویا اور اس کی نیند کتنی گہری اور پُرسکون رہی۔منتظم کمپنی کوالا سلیپ جاپان (Koala Sleep Japan) کے تخلیقی ڈائریکٹر ریچیرو ناکاما کے مطابق اس مقابلے کا مقصد لوگوں میں نیند کی اہمیت کے بارے میں شعور پیدا کرنا اور انہیں بہتر نیند کی جانب متوجہ کرنا تھا۔
مزید پڑھیں:اداکاروں کو ڈراموں کا کتنا معاوضہ ملتا ہے؟ فرح نادر نے بتا دیا
اقتصادی تعاون اور ترقی کی تنظیم کے 2021ء کے اعداد و شمار کے مطابق جاپانی شہری اوسطاً 7 گھنٹے 24 منٹ روزانہ سوتے تھے جو اس تنظیم کے رکن ممالک میں سب سے کم اوسط تھی۔ماہرین نے سفر اور رات گئے تک جاری رہنے والی سرگرمیوں کو نیند کی کمی کی اہم وجوہات میں شمار کیا ہے۔









